حیدرآباد

پیپر لیک معاملہ میں بڑے قائدین ملوث ہونے کا خدشہ: کشن ریڈی

مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ ٹی ایس پی ایس سی کے پرچہ سوالات کے افشاء میں بڑے لوگوں کا ہاتھ ہے۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ ٹی ایس پی ایس سی کے پرچہ سوالات کے افشاء میں بڑے لوگوں کا ہاتھ ہے۔

اُنہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیاکہ وہ اس معاملہ کی جانچ برسرخدمت جج کے ذریعہ کروائیں تاکہ حقیقی خاطیوں کو گرفتار کیاجاسکے۔ جی کشن ریڈی نے آج چنچل گوڑہ جیل پہنچ کر بی جے پی یوا مورچہ کے قائدین سے ملاقات کی۔

پولیس نے انہیں ٹی ایس پی ایس سی کے پرچہ سوالات کے افشاء کیخلاف احتجاج منظم کرنے پر گرفتار کیاتھا۔ جی کشن ریڈی نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت اپنی کوتاہیوں اور غلط کاموں کو چھپانے کیلئے غلطی کو تسلیم نہیں کررہی ہے۔

ا ُنہوں نے ریاستی حکومت پر تمام شعبوں میں ناکام ہوجانے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ ریاست کے نوجوان حکومت کی غلط پالیسیوں سے بیزار ہوچکے ہیں وہ ریاست میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا سماج اب ریاست میں بدعنوان حکومت کو بے دخل کرنے کے بارے میں غور کررہا ہے۔

موجودہ بی آر ایس حکومت عوام کے توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ بی جے پی قائدین کیلئے جیل جانا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے غیر ضروری غلط مقدمات درج کرنے سے بی جے پی خو ف زدہ ہونے والی نہیں ہے۔