حیدرآباد

ڈگ وجئے سنگھ کی کانگریس قائدین سے ملاقات

ڈگ وجئے سنگھ نے آج گاندھی بھون میں تلنگانہ کانگریس کے قائدین بالخصوص ناراض قائدین سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کرتے ہوئے پارٹی میں پیدا شدہ بحران کے حل سے متعلق بات چیت کی۔

حیدرآباد: جنرل سکریٹری اے آئی سی سی ڈگ وجئے سنگھ نے آج گاندھی بھون میں تلنگانہ کانگریس کے قائدین بالخصوص ناراض قائدین سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کرتے ہوئے پارٹی میں پیدا شدہ بحران کے حل سے متعلق بات چیت کی۔

ملاقات کرنے والوں میں ٹی جیون ریڈی ایم ایل سی، سریدھر بابو ایم ایل اے، سیتا اکا ایم ایل اے، سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ، رینو کا چودھری سابق مرکزی وزیر، کے جانا ریڈی، ناگم جناردھن ریڈی، محمد علی شبیر سابق وزراء، بلرام نائک، سابق مرکزی وزیر، وی ہنمنت راؤ سابق پی سی سی صدر، مہیشور ریڈی سابق ایم ایل اے، اے انیل سابق ایم ایل سی، روہن ریڈی صدر خیریت آباد ڈسٹرکٹ کمیٹی، شیخ عبداللہ سہیل چیرمین مائنا ریٹی ڈپارٹمنٹ، انجن کمار یادو سابق ایم پی ودیگر قائدین شامل ہیں۔

ملاقات کے بعد علیحدہ علیحدہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان قائدین نے ملا جلا ردعمل کااظہار کیا۔ جیون ریڈی نے بتایا کہ انہوں نے پارٹی صدر کو سب کو ساتھ لے کر چلنے اور ریاستی حکومت کی ناکامیوں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے متحدہ طور پر جدوجہد کرنے کیلئے ہدایت دینے کی ڈگ وجئے سنگھ کو مشورہ دیا ہے۔

انجن کمار یادو نے بتایا کہ انہوں نے ڈگ وجئے سنگھ کو بتایا کہ اصل لڑائی ہماری ٹی آر ایس اور بی جے پی سے ہے۔ پارٹی قائدین کو آپسی رسہ کشی سے زیادہ عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پارٹی قائدین میں پھیلی ناراضگیوں سے عوام میں غلط پیام جارہا ہے۔

ان حالات میں پارٹی قائدین کو متحدہ طور پر عوامی مسائل کے حل کیلئے میدان میں اترنے کی ضرورت ہے۔ سیتا اکا ایم ایل اے نے بتایا کہ پارٹی میں جونیر اور سینئر قائدین کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ عوام میں مقبول قائدین کو عہدے دینے کی ضرورت ہے۔

رینو کا چودھری، جاناریڈی، بلرام نائک نے بھی ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ وی ہنمنت راؤ نے بتایا کہ انہوں نے ڈگ وجئے سنگھ کو بتایا کہ نئی کمیٹیوں میں پارٹی کے سینئر اور وفادار کارکنوں کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے پارٹی میں ناراضگیاں شدت اختیار کرگئی ہیں انہیں فوری دور کرنے کیلئے سینئر قائدین سے انصاف کیا جانا چاہئے۔