حیدرآباد

کے سی آر کا تلنگانہ ماڈل اورمودی کاگجرات ماڈل‘لوٹ کھسوٹ کے سواکچھ نہیں:ریونت ریڈی

ریونت ریڈی نے سینئر کانگریس قائد غلام نبی آزاد کے استعفیٰ سے متعلق صدرٹی پی سی سی نے کہاکہ غلام نبی آزاد اب مودی کے غلام بن گئے ہیں۔آپ 50 سال تک کانگریس میں رہتے ہوئے اعلی عہدوں پر فائزرہے‘کانگریس پارٹی نے آپ پر بھروسہ کیا۔

حیدرآباد: صدرٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے کہاہے کہ چیف منسٹرکے چندر شیکھرراؤ تلنگانہ کولوٹنے کے بعد اب ملک کولوٹنے کے لئے تلنگانہ ماڈل کے نام پراپنی سیاست کو آگے بڑھاناچاہتے ہیں۔آج یہاں گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے چیف منسٹرکے مجوزہ دورہ بہارپر تنقیدکرتے ہوئے کہاکہ وہ تلنگانہ ماڈل کوپورے ملک میں پھیلائیں گے۔

 انہوں نے سوال کیا کہ کیا تلنگانہ ماڈل یہی ہے جب کوئی کسان خودکشی کرتاہے تو ان کے ورثا کوپرسہ دینے کوئی نہیں جاتا۔اس کے ارکان خاندان کومالی امداد نہیں دی جاتی؟تلنگانہ کے مرنے والے فوجیوں کومالی امداد نہیں دی جاتی‘جبکہ گلوان میں مرنے والے بہارکے فوجیوں اورسکندرآباد آتشزنی کے متاثرین کی مالی مدد کی جاتی ہے؟

انہو ں نے کہاکہ پہلے تلنگانہ کے عوام کی ضروریات کو پورا کیاجائے بعدمیں دیگرکی ضروریات کو پورا کرنے پرتوجہ دی جائے۔بی جے پی کے ناپاک عزائم کا تذکرہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ بی جے پی قائدین تلنگانہ میں گجراتی ماڈل لاناچاہتے ہیں۔

 انہوں نے سوال کیا کہ کیایہی گجرات ماڈل ہے جس کی وجہ سے گودھرافساد ہواجس کی وجہ سے گجرات میں ہزاروں لوگوں کاقتل عام کیاگیا؟10 ہزار کروڑکی املاک کونقصان پہنچایا گیا۔ ریاستی بی جے پی قائدین چاہتے ہیں تلنگانہ میں بھی مذہبی منافرت پھلاکر اقتدار حاصل کیا جائے۔

سینئر کانگریس قائد غلام نبی آزاد کے استعفیٰ سے متعلق صدرٹی پی سی سی نے کہاکہ غلام نبی آزاد اب مودی کے غلام بن گئے ہیں۔آپ 50 سال تک کانگریس میں رہتے ہوئے اعلی عہدوں پر فائزرہے‘کانگریس پارٹی نے آپ پر بھروسہ کیا۔

 راجیہ سبھاکی رکنیت کی تجدید نہ کرنے پر آپ کانگریس قیادت کونشانہ بنانے لگے؟کانگریس پارٹی نے آپ کو کشمیر میں حکومت کی ناکامیوں کے خلاف جدوجہد کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی لیکن آپ کانگریس سے مقابلہ کرنے اپنی پارٹی تشکیل دینے کا دعویٰ کررہے ہیں۔

 ملک کے عوام تمہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔کیا آپ گجرات میں ہونے والے قتل عام کوبھول گئے؟ کیا آپ مودی کے سامنے ہتھیارڈال چکے ہیں؟کیا آپ بی جے پی کی کٹھ پتلی بن گئے ہیں؟پورا ملک جانتا ہے کہ تم نے کس کے ساتھ سازش کی ہے؟تلنگانہ کانگریس غلام نبی آزادکے رویہ کی سخت مذمت کرتی ہے۔

 بی جے پی اورٹی آرایس کے درمیان اندرونی سازبازکاالزام عائد کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ جب پارلیمنٹ میں برقی میٹرس سے متعلق بل پیش کیاگیا تو ٹی آر ایس ارکان وہاں موجود نہیں تھے۔ وہ بی جے پی کاساتھ دینے کے لئے لوک سبھا سے غیر حاضررہے۔

اس وقت صرف کانگریس نے بل کی مخالفت کی۔ قیمتوں میں اضافہ کے مسئلہ پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں بڑے پیمانہ پر بدعنوانیاں سرزد ہوئی ہیں۔ سی بی آئی اورای ڈی کے سی آر کے گھر اور ان کے ارکان خاندان کوکیوں نہیں جاتی؟

کے سی آر کی دختر پردہلی شراب اسکام میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیاجاتا ہے۔کویتا کے گھر کی جانچ کیوں نہیں کی گئی جبکہ دیگر 30 افراد کے گھرکی تلاشی لی گئی؟ انہوں نے کہاکہ مودی سے لے کر تمام بی جے پی قائدین کے سی آر اوران کے ارکان خاندان کے خلاف کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہیں اگر ثبوت ہے توان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟

انہوں نے بی جے پی اور ٹی آرایس کو ایک ہی سکہ کے دورخ قراردیا۔ بنڈی سنجے کی یاترا سے متعلق ریونت ریڈی نے کہاکہ ان کی پدیاترا بے فیض ہے۔ بی جے پی نے تلنگانہ کی ترقی کے لئے کیا ہی کیا ہے؟

انہوں نے کہاکہ کانگریس ایک اہم اپوزیشن جماعت ہے۔بی جے پی کانگریس کو مکت بھارت بناناچاہتی ہے۔ یہ خیال بی جے پی کوپرشانت کشور نے دیا ہے لیکن بی جے پی کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔منگوڈاسمبلی اتخابات سے متعلق صدرٹی پی سی سی نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ابھی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہی نہیں کیا۔

 سب سے پہلے کانگریس نے اس حلقہ میں اپنی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ جہاں تک امیدوار کا سوال ہے صحیح وقت پر فیصلہ کیاجائے گا۔ اتم کمارریڈی نے بتایا کہ کانگریس امیدوار کی فہرست ہائی کمان کوروانہ کردی گئی ہے ہائی کمان کی منظوری کے ساتھ ہی امیدوار کااعلان کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ کانگریس کے تمام قائدین متحدہ طورپرمنگوڈ کے انتخابات میں حصہ لیں گے اورکانگریس پارٹی امیدوار کو کامیاب بنائیں گے۔