کھیل

نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش دورہ کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان

ہندوستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے اختتام کے بعد نیوزی لینڈ کے دورے پر جائے گی اور اس دورے کیلئے ٹیم انڈیا کی ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے ٹیموں کا اعلان کر دیا گیاہے۔

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے اختتام کے بعد نیوزی لینڈ کے دورے پر جائے گی اور اس دورے کیلئے ٹیم انڈیا کی ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے ٹیموں کا اعلان کر دیا گیاہے۔

اس کے علاوہ بنگلہ دیش کے خلاف ونڈے اور ٹسٹ سیریز کیلئے بھی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے روہت شرما کی جگہ ہاردیک پانڈیا کو ٹیم کا کپتان بنایا گیاہے جبکہ ونڈے سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم کی قیادت شکھر دھون کے ہاتھ میں ہوگی۔

اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے سیریز کھیلی جائے گی۔ روہت شرما، ویراٹ کوہلی اور آر اشون جیسے سینئر کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 اور ونڈے سیریز کیلئے آرام دیا گیاہے۔ ساتھ ہی اس سیریز کیلئے دنیش کارتک کو بھی آرام دیا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں کھیلنے والے زیادہ تر کھلاڑیوں کو دورہ نیوزی لینڈ کیلئے آرام دیا گیا۔ سریاس ایئر کی نیوزی لینڈ کے دورے کیلئے ہندوستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ سنجو سیمسن بھی اس ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ سوریہ کمار یادو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے سیریز کا حصہ ہوں گے۔

واشنگٹن سندر بھی اس سیریز کا حصہ ہوں گے۔ کلدیپ سین بھی ونڈے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ کیویز کے خلاف سیریز کیلئے عمران ملک کو بھی ٹیم انڈیا میں شامل کیا گیاہے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 20 نومبر اور تیسرا میچ 22 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

اس کے علاوہ 3 ونڈے میاچس کی سیریز کا پہلا میچ 25 نومبر، دوسرا میچ 27 نومبر اور تیسرا میچ 30 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش کے خلاف ونڈے اور ٹسٹ سیریز کی بات کریں تو اس میں روہت شرما ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کیلئے سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔

رویندر جڈیجہ کو بھی بنگلہ دیش کے خلاف دونوں ٹیموں میں موقع دیا گیا حالانکہ ان کی فٹنس بہت اہم ہوگی۔ محمد سمیع ونڈے اور ٹسٹ ٹیم کا بھی حصہ ہیں جبکہ یش دیال کو پہلی بار بنگلہ دیش کے خلاف ونڈے ٹیم میں موقع دیا گیاہے۔ چتیشور پجارا کو بھی ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کیاگیاہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ اس طرح ہے۔

ہاردک پانڈیا (کپتان)، رشبھ پنت (نائب کپتان)، ایشان کشن، شبمن گل، دیپک ہوڈا، سوریا کمار یادو، شریاس ایئر، سنجو سیمسن، واشنگٹن سندر، یوزویندر چاہل، کلدیپ یادو، ہرشل پٹیل، محمد سراج، بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ، عمران ملک۔ نیوزی لینڈ ونڈے کیلئے اسکواڈ اس طرح ہے۔ شکھر دھون (کپتان)، رشبھ پنت (نائب کپتان)، شمبھن گل، دیپک ہڈا، شریاس ایئر، سوریہ کمار یادو، سنجو سیمسن، یوزویندر چاہل، کلدیپ یادو، شہباز احمد، واشنگٹن سندر، عمران ملک، کلدیپ سین، ارشدیپ سنگھ، شاردول ٹھاکر، دیپک چاہر۔

بنگلہ دیش کے خلاف ونڈے سیریز کیلئے اسکواڈ اس طرح ہے۔

روہت شرما (کپتان) کے ایل راہول (نائب کپتان)‘ شکھر دھون‘ ویراٹ کوہلی‘ رجت پاٹیدار‘ شریاس ایئر‘ راہول ترپاٹھی‘ ریشبھ پنت‘ ایشان کشن‘ رویندر جڈیجہ‘ اکشر پٹیل‘ واشنگٹن سندر‘ شردل ٹھاکر‘ محمد سمیع‘ محمد سراج‘ دیپک چہر‘ یش دیال۔

بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز کیلئے ٹیم اس طرح ہے۔

روہت شرما (کپتان) کے ایل راہول (نائب کپتان)‘ شبھن گل‘ پجارا’کوہلی‘ شریاس ایئر‘ پنت‘ کے ایس بھرت‘ اشون‘ جڈیجہ‘ اکشر پٹیل‘ کلدیپ یادو‘ شردل ٹھاکر‘ محمد سمیع‘ محمد سراج‘ اومیش یادو۔