حیدرآباد

شکست تسلیم، عوام کے فیصلہ کا احترام: راج گوپال ریڈی

گوپال ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس کے بعض قائدین نے ٹی آر ایس کوووٹ نہ دینے پر پنشن اور دیگر فلاحی اسکیمات کو روک دینے کی دھمکی دی تھی جس کے باعث ضمنی الیکشن میں بی جے پی کو شکست ہوئی۔

حیدرآباد: حلقہ اسمبلی منگوڈ کے ضمنی الیکشن کے بی جے پی امیدوار کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے ووٹوں کی گنتی کا عمل پائے تکمیل تک پہنچنے سے قبل ہی اپنی شکست تسلیم کرلی اور کہا کہ وہ عوام کے فیصلہ کا احترام کرتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت ٹی آر ایس کے ایک سو ارکان اسمبلی، وزراء نے حلقہ میں انہیں شکست دینے کیلئے جان توڑ مہم چلائی ہے۔ بی جے پی امیدوار حلقہ منگوڈ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس نے کامیابی کیلئے پانی کی طرح پیسہ بہایا۔

 ٹی آر ایس کے بعض قائدین نے ٹی   آر ایس کوووٹ نہ دینے پر پنشن اور دیگر فلاحی اسکیمات کو روک دینے کی دھمکی دی تھی جس کے باعث ضمنی الیکشن میں بی جے پی کو شکست ہوئی۔ انہوں نے کمیونسٹ جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ برسراقتدار جماعت سے رقم حاصل کرتے ہوئے ان کے خلاف مہم چلائی۔

 راج گوپال ریڈی آج ضمنی الیکشن میں امکانی شکست کو دیکھتے ہوئے ووٹوں کی گنتی کے 13ویں راونڈ کے بعد مرکز رائے شمار سے باہر چلے گئے۔ اس موقع پر راج گوپال ریڈی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ان کو شکست دینے کیلئے کئی وزراء، ارکان اسمبلی و دیگر نے اسمبلی حلقہ میں انتخابی مہم چلائی تھی۔

 انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے سرکاری مشنری کا غلط استعمال کیا۔ انہوں نے پارٹی کے قائدین، کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے  ان کی تائید میں مہم چلائی اور ان کے حق میں حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام اب کے سی آر کی خاندانی حکمرانی سے بیزار ہوچکے ہیں۔