حیدرآباد

ایم ایل اے خریدی کیس: ملزمین کو پولیس تحویل میں دینے سے ہائی کورٹ کا انکار

حکومت کے وکیل نے عدالت کے علم میں یہ بات لائی کہ انہیں ان باتوں کی تفصیلات ضروری ہے کہ کس طرح سازش رچی گئی اور رقم کے حصول کے ذرائع کے بارے میں بھی معلومات جاننا ناگزیر ہے اور یہ رقم ملزمین کو کن ذرائع سے پہنچائی گئی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکمراں جماعت ٹی آر ایس کے 4ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش سے متعلق معین آباد فارم ہاوز کیس کی تحقیقات پر حکم التواء کو برقرار رکھا ہے۔ بی جے پی قائد پرمیندر ریڈی کی درخواست پر جس میں انہوں نے اس کیس کی تحقیقات سی بی آئی یا برسر خدمت جج سے کرانے کی التجا کی ہے۔

 آج سماعت کرتے ہوئے عدالت العالیہ نے ارکان اسمبلی کو خرید نے کی کوشش کے کیس کی پولیس تحقیقات پر قبل ازیں جاری کردہ حکم التواء کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ ہائی کورٹ نے گذشتہ ہفتہ ریڈی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے حکومت کو جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔

عدالت کے احکام پر حکومت تلنگانہ نے ہائی کورٹ میں کاونٹر داخل کردیا ہے۔ بنچ نے دونوں طرفین کے دلائل کی سماعت کی تاہم پرمیندر ریڈی کے وکیل نے عدالت سے انہیں دلائل اور حکومت کے حلف نامہ پر جواب داخل کرنے کیلئے وقت دینے کی خواہش کی اس دوران عدالت العالیہ نے واضح کردیا کہ عدالت نے پہلے ہی معین آباد پولیس اسٹیشن میں درج کیس کی پولیس تحقیقات پر روک لگادی ہے۔

حکومت کے وکیل نے عدالت کے علم میں یہ بات لائی کہ انہیں ان باتوں کی تفصیلات ضروری ہے کہ کس طرح سازش رچی گئی اور رقم کے حصول کے ذرائع کے بارے میں بھی معلومات جاننا ناگزیر ہے اور یہ رقم ملزمین کو کن ذرائع سے پہنچائی گئی ہے۔

انہوں نے ملزمین کو تحویل میں دینے کی درخواست داخل کرنے کی اجازت مانگی ہے تاہم ہائی ک ورٹ نے ملزمین کوپولیس تحویل میں دینے سے انکار کردیا اور واضح کردیا کہ تحقیقات پر جاری حکم التواء7 نومبر تک برقرار رہے گا۔ ممتاز جہد کار تین مارملنا نے عدالت میں ایک درخواست داخل کرتے ہوئے اس کیس میں انہیں بھی فریق بنانے کی خواہش کی ہے۔

دوسری جانب ملزم نندا کمار کی اہلیہ چترالیکھا نے ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے بنچ سے درخواست کی کہ اس کیس پر مربوط کسی ویڈیو یا آڈیو کو جاری نہ کرنے کا حکم صادر کریں کیونکہ انہیں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی حکومت میں کیس کی تحقیقات پر اعتماد نہیں ہے۔

 انہوں نے سی بی آئی یا ہائی کورٹ جج کی زیر نگرانی کسی اسپیشل انوسٹی گیشن ایجنسی کے ذریعہ اس کیس کی تحقیقات کا حکم جاری کرنے کی خواہش کی ہے۔ اس دوران ہائی کورٹ نے کہا کہ وہ اس کیس میں داخل تمام عرضیوں  اور دلائل کی بیک وقت سماعت کرے گی اور عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت7 نومبر تک ملتوی کردی۔

آئی اے این ایس کے مطابق تلنگانہ ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز بی جے پی کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی کردی جس میں ٹی آر ایس کے 4ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کے کیس کی سی بی آئی یا برسرخدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کرانے کی خواہش کی گئی۔

تین ملزموں میں سے ایک ملزم کی اہلیہ کی عرضی پر بھی سماعت کو ملتوی کردیا۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے واضح کردیا کہ اس کیس کی تحقیقات پر جاری حکم التواء، آئندہ سماعت تک برقراررہے گا۔ حکومت کے جواب پر دلائل اور کاونٹر داخل کرنے کیلئے بی جے پی کے وکیل نے وقت طلب کیا جس پر عدالت نے انہیں پیر تک مہلت دی ہے۔

 ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل رامچندر راؤ نے عدالت سے تحقیقات پر دیا گیا حکم التواء برخاست کرنے کی خواہش کی مگر عدالت نے حکم التواء برخاست کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ حکم التوا آئندہ سماعت تک برقرار رہے گا۔ تین مارملنا کے وکیل نے ایک عرضی داخل کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر عدالت پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔