حیدرآباد

بی آر ایس آئندہ دنوں میں قومی سیاست میں اہم رول ادا کرے گی : دیوے گوڑا

دیوے گوڑا نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بی آرایس آنے والے دنوں میں قومی سیاست میں ایک طاقت بن کرابھرے گی۔سابق وزیراعظم نے تلنگانہ اور کرناٹک کے درمیان ثقافتی تعلقات میں حصہ داری پر اس تنظیم کی ستائش کی۔

حیدرآباد: سابق وزیراعظم و جنتادل ایس کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا ہے کہ تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی بھارتیہ راشٹرا سمیتی آئندہ دنوں میں قومی سیاست میں اہم رول اداکرے گی۔ کرناٹک راشٹراتلنگانہ ایسوسی ایشن (کے آرٹی اے) کے وفد نے اس کی بانی صدرسندیپ کمارامکتھالا کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

 اس موقع پر انہوں نے بی آرایس کے ساتھ قومی سیاست میں داخل ہونے وزیراعلی تلنگانہ کے چندرشیکھرراو کے فیصلہ کی ستائش کی۔دیوے گوڑا جو تلنگانہ تحریک سے کافی زیادہ وابستہ تھے اور چندرشیکھرراو سے کافی قربت رکھتے ہیں نے کہا کہ اس طویل رفاقت پر ان کو فخر ہے۔

جے ڈی ایس پہلی پارٹی ہے جس نے قومی سیاست میں چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو کے داخل ہونے کا استقبال کیا تھا۔ بی آرایس، قومی سیاست میں معیاری تبدیلی کی خواہشمند ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے ورنگل میں معنقدہ جلسہ میں شرکت کی تھی اور اس جلسہ کو اپنی سیاسی زندگی کا اہم حصہ سمجھاتھا۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بی آرایس آنے والے دنوں میں قومی سیاست میں ایک طاقت بن کرابھرے گی۔سابق وزیراعظم نے تلنگانہ اور کرناٹک کے درمیان ثقافتی تعلقات میں حصہ داری پر اس تنظیم کی ستائش کی۔