کھیل

ہمیں کسی پر کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے: ہاردک پانڈیا

پانڈیا نے ٹی 20 سیریز سے قبل یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ "جب آپ اچھی کارکردگی نہیں دکھاتے ہیں تو لوگ اپنی رائے دیں گے جس کا ہم احترام کرتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ لوگ مختلف خیالات رکھتے ہیں۔

ویلنگٹن: انڈین کپتان ہاردک پانڈیا نے چہارشنبہ کو انگلینڈ کے سابق کرکٹر مائیکل وان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 آئی سیریز کے لئے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی کھلاڑیوں کو "کسی کو کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے”۔

واضح رہے کہ وان نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے اختتام کے بعد اخبار ڈیلی ٹیلی گراف میں لکھا تھا کہ ہندوستان نے "محدود اوورز کی کرکٹ میں ہمیشہ توقع سے کم کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے”۔

پانڈیا نے ٹی 20 سیریز سے قبل یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ "جب آپ اچھی کارکردگی نہیں دکھاتے ہیں تو لوگ اپنی رائے دیں گے جس کا ہم احترام کرتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ لوگ مختلف خیالات رکھتے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر ہونے کی وجہ سے مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں کسی پر کچھ ثابت کرنے کی ضرورت ہے۔”

پانڈیا نے کہاکہ "یہ ایک کھیل ہے۔ آپ بہتر بننے کی کوشش کرتے ہیں اور جب نتائج حاصل کرنے کا وقت آتا ہے تو وہ نتائج حاصل کرتے ہیں۔ کچھ چیزیں ہیں جن پر ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ آگے بڑھتے ہوئے، ہم اپنی غلطیوں کو سدھاریں گے اور ان پر کام کریں گے۔”

ہندوستان کو پانڈیا کی کپتانی میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی۔ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے جس کے بعد شیکھر دھون تین ون ڈے میچوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

روہت شرما، کے ایل راہل اور وراٹ کوہلی جیسے سینئر کھلاڑیوں کو ہندوستان کے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے آرام دیا گیا ہے۔ پانڈیا کو یقین ہے کہ سینئرز کی غیر موجودگی میں نوجوان اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔