کانگریس کے چلو راج بھون مارچ کو پولیس نے روک دیا
پارٹی قائدین اور ورکرس کانگریس پر چم اور پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے جن پر ”ایل آئی سی بچاؤ“ تحریر تھا۔ احتجاجی، مرکزی حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ خیریت آباد کراس روڈ پر احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکہ نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اڈانی کی پشت پناہی کررہے ہیں جو کروڑ بلین روپے کے اسکام میں ملوث ہے۔

حیدرآباد: پولیس نے آج کانگریس قائدین اور پارٹی کے کئی کارکنوں کو اس وقت حراست میں لے لیا جبکہ وہ اڈانی گروپ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے درمیان گٹھ جوڑ کو ”بے نقاب“ کرنے راج بھون کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
شہر کے مصروف خیریت آباد چوراہا پر اس وقت کشیدگی پھیل گئی جبکہ کانگریس کی ریالی کو جو پارٹی کے ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون سے شروع ہوئی تھی۔ جو راج بھون کی طرف بڑھنے کی کوشش کررہی تھی۔ پولیس نے روکدیا۔ احتجاجیوں کو روکنے کے لئے پولیس نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں۔
ا س موقع پر کانگریس قائدین اور پولیس عہدیداروں کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ پارٹی قائدین، پولیس کارروائی پر برہم دکھائی دے رہے تھے اور پولیس کے ایکشن پر اعتراض بھی کیا۔ جب احتجاجی، رکاوٹوں کو پھلانگ کر گورنر کی سرکاری رہائش گاہ (راج بھون) کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تب پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے جن قائدین کو حراست میں لے لیا ہے ان میں سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ، پارٹی کے سینئر قائد ملوروی، پردیش کانگریس کے کارگذار صدر انجن کمار یادو، مہیلا کانگریس یوتھ اور طلبہ تنظیم کے قائدین شامل ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے صنعت کار گوتم اڈانی سے تعلقات کو بے نقاب کرنے کیلئے کانگریس نے چہارشنبہ کے روز چلو راج بھون مارچ منظم کرنے کا اعلان کیاتھا۔
پارٹی قائدین اور ورکرس کانگریس پر چم اور پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے جن پر ”ایل آئی سی بچاؤ“ تحریر تھا۔ احتجاجی، مرکزی حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ خیریت آباد کراس روڈ پر احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکہ نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اڈانی کی پشت پناہی کررہے ہیں جو کروڑ بلین روپے کے اسکام میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی، آئینی اداروں، عوامی شعبہ کی کمپنیوں اور زندگیوں کو اس وقت تک تباہ کرتی رہے گی جب تک کہ اس کو اقتدار سے بیدخل نہیں کیا جاتا۔ اڈانی اسکام کی تحقیقات جے پی سی کے ذریعہ کرانے کے اپوزیشن کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی، اڈانی کا تحفظ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی، اُ ن افراد کا تحفظ کررہے ہیں جنہوں نے ملک کی دولت کو لوٹا ہے جبکہ ہم کانگریسی، عوامی اثاثوں کو بچانے کی جدوجہد کررہے ہیں۔