شمالی بھارت

اترپردیش میں ڈیوٹی میں لاپرواہی پر 73 آفیسرس کے خلاف نوٹسیں جاری

جن افسران کو نوٹسیں جاری کی گئی ہیں ان میں محکمہ جات کے 10 سربراہ‘ 5 کمشنر‘ 10 ضلع مجسٹریٹس‘ 5 ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے نائب صدور‘ 5 میونسپل کمشنرس اور 10 تحصیلدار شامل ہیں۔

لکھنؤ: اترپردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے 73 آفیسرس کو عوامی شکایات کے ازالہ میں ناکامی پر نوٹسیں جاری کی ہیں۔

مقامی انتظامیہ‘ پولیس اور دیگر کی جانب سے چیف منسٹر کے دفتر کو بھیجی گئیں رازدارانہ رپورٹس اور جن سنوائی نیز سی ایم ہیلپ لائن پر موصولہ معلومات کی بنیاد پر یہ نوٹسیں جاری کی گئیں۔

جن افسران کو نوٹسیں جاری کی گئی ہیں ان میں محکمہ جات کے 10 سربراہ‘ 5 کمشنر‘ 10 ضلع مجسٹریٹس‘ 5 ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے نائب صدور‘ 5 میونسپل کمشنرس اور 10 تحصیلدار شامل ہیں۔

اس کے ساتھ تین اے ڈی جی اور آئی جی‘ 5 آئی جی اور ڈی آئی جی‘ 10 کمشنریٹس‘ ایس ایس پی/ ایس پی کے ساتھ ساتھ 10 پولیس اسٹیشن سے وضاحت بھی طلب کی گئی ہے۔

عوامی شکایت اور مسائل کے ازالے کے لحاظ سے بدتر مظاہرہ کے طور پر جن محکمہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں پرسنل‘ آیوش‘ ٹیکنیکل ایجوکیشن‘ زرعی مارکیٹنگ‘ انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی‘ امکنہ اور شہری منصوبہ بندی‘ ووکیشنل تعلیم نامامی گنگے اور دیہی سربراہی آب اور ماحول‘ جنگلات اور ماحولیاتی تبدیلی شامل ہیں۔

ایک سرکاری ترجمان نے کہاکہ چیف منسٹر نے ریاست کے 73 افسران کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے ڈیوٹی میں لاپرواہی کے الزامات پر وضاحت طلب کی۔

جولائی کے لئے تیار کی گئی رپورٹ کی بنیاد پر یہ نوٹسیں جاری کی گئیں۔ انہوں نے تمام محکمہ جات‘ انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ متعدد میٹنگس منعقد کرتے ہوئے تمام مواقعوں پر یہ واضح کیا تھا کہ کسی بھی سطح پر لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔