حیدرآباد

کانگریس پارٹی قائدین میں اختلافات منظر عام پر

سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا اور سابق وزیر پونالہ لکشمیا نے کانگریس کے ریاستی صدر دفتر گاندھی بھون میں دھرنا دیا جہاں پارٹی کے صدارتی عہدہ کیلئے رائے دہی کا عمل جاری تھا۔

حیدرآباد: کانگریس کے صدارتی انتخابات کے دوران تلنگانہ پردیش کانگریس میں آج اختلافات ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ فہرست رائے دہندگان میں تبدیلیوں کے مسئلہ پر پارٹی کے دوسینئر قائدین نے احتجاج منظم کیا۔

سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا اور سابق وزیر پونالہ لکشمیا نے کانگریس کے ریاستی صدر دفتر گاندھی بھون میں دھرنا دیا جہاں پارٹی کے صدارتی عہدہ کیلئے رائے دہی کا عمل جاری تھا۔

فہرست رائے دہندگان (ووٹرلسٹ) میں لمحہ آخر ردوبدل کے خلاف ان قائدین نے سخت اعتراض اور احتجاج درج کرایا۔ حلقہ اسمبلی جنگاؤں سے پونالہ لکشمیا اور سی سرینواس ریڈی کو فہرست میں ووٹرس بتایا گیا ہے۔ جب یہ دونوں حق رائے دہی سے استفادہ کیلئے گاندھی بھون پہنچے تو سی سرینواس ریڈی کا نام ووٹر لسٹ سے غائب تھا۔

پارٹی قائدین نے ووٹرلسٹ میں سرینواس ریڈی کی جگہ کے پرتاپ ریڈی کا نام درج کرایا۔ سرینواس ریڈی اور پرتاپ ریڈی، ووٹ ڈالنے جب گاندھی بھون پہنچے تو یہ دونوں شدید الجھنوں میں پائے گئے جس پر پونالہ لکشمیا نے سخت احتجاج کیا مگر پارٹی کے ایک اور سینئر لیڈر کے جانا ریڈی، لکشمیا کو منانے کی کوشش کرتے ہوئے پائے گئے۔ اس تنازعہ کے بعد سرینواس ریڈی اور پرتاپ ریڈی کو ووٹ ڈالنے سے روکدیا گیا۔

ووٹرلسٹ میں تبدیلیوں کے خلاف پونالہ لکشمیا اور دامودھر راج نرسمہا نے دھرنا دے کر اپنا احتجاج درج کرایا۔ لکشمیا نے کہا کہ اس واقعہ سے ان کی توہین ہوئی ہے جبکہ وہ 55 برسوں سے پارٹی کی خدمت کرتے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہفتہ کو11بجے شب انہیں اور سرینواس ریڈی کو ووٹر کا رڈز دئیے گئے مگر نصف شب بعد سرینواس ریڈی کے نام کو فہرست سے حذف کردیاگیا۔ راج نرسمہا نے سوال کیا کہ ووٹر آئی ڈی کارڈ دینے کے بعد ایک قائد کی توہین کیوں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ فہرست میں تبدیلی کی وضاحت کرنی چاہئے۔ اس بات کی بھی وضاحت کرنا ہوگا کہ آخر نصف شب بعد ووٹر لسٹ میں تبدیلی کی نوبت کیوں آن پڑی تلنگانہ کے119 اسمبلی حلقوں سے 238 ووٹرس ہیں جنہیں پارٹی کے صدارتی الیکشن میں ووٹ دینے کا حق دیا گیا ہے۔ اے آئی سی سی سکریٹری وانچارج روہت چودھری کے مشورہ پر لکشمیا نے اپنا احتجاج ختم کیا۔