مہاراشٹرا

ماں کے ساتھ ناجائز تعلقات کا شبہ، نو عمر بیٹے نے دوست کو ہلاک کردیا

لاتور کے ایک لڑکے نے اپنی ماں کے ناجائز تعلقات رکھنے کا شبہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر کھیتوں میں ایک درانتی سے اپنے بہترین دوست و پڑوسی کو ہلاک کرکے ضلع کے لوگوں کو حیرت زدہ کردیا۔

لاتور(مہاراشٹرا): لاتور کے ایک لڑکے نے اپنی ماں کے ناجائز تعلقات رکھنے کا شبہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر کھیتوں میں ایک درانتی سے اپنے بہترین دوست و پڑوسی کو ہلاک کرکے ضلع کے لوگوں کو حیرت زدہ کردیا۔

متعلقہ خبریں
متھن چکرورتی کی والدہ شانتی رانی چل بسیں
آسٹریلیا کے کپتان پیاٹ کمنس کی والدہ کا انتقال
دفاتر میں لڑکیوں کو رکھنا فیشن بن گیا
مستقبل کی مائیں:اپنی صحت کا خیال رکھیں
ورکنگ ویمن کیسے ٹائم مینج کریں

عہدیداروں نے یہاں پیر کے دن یہ بات کہی۔ یہ واقعہ واڈجی موضع میں ہفتہ کو پیش آیا۔ کھیت میں رنجیت ٹی مالی عرف بالو 22 سالہ کی لاش خون میں لت پت پائی گئی۔

بھاڈا پولیس اسٹیشن کے بالاصاحب ڈونگرے نے بتایا کہ ہم نے قتل کا کیس درج کرکے تحقیقات شروع کیں جس میں کئی حیرت انگیز پہلوؤں کا انکشاف ہوا اور مزید تحقیقات زیر دوران ہیں۔

کیس کا معمہ حل کرنے کی کوشش کرنے والی پولیس ٹیموں نے متوفی مالی کے دوستوں اور رشتہ داروں سے سوالات کئے اور پتہ چلایا کہ اس کا مبینہ طور پر کسی مقامی خاتون کے ساتھ ناجائز تعلق تھا جو اس کے بہترین دوست کی ماں ہے۔

ڈونگرے نے کہاکہ ہم نے فوری 32 سالہ خاتون کا پتہ چلایا جو متوفی کی پڑوسی ہے اور خاتون کے متوفی کے ساتھ مبینہ تعلقات پر تفصیلی تحقیقات شروع کی۔

دریں اثناء تحقیقاتی ٹیم میں شامل دوسرے پولیس عہدیدار کو معلوم ہوا کہ خاتون کا 11 ویں جماعت میں زیر تعلیم 17 سالہ بیٹے نے واڈجی موضع میں اپنے ایک دوست کو پرانی درانتی کھیتوں میں استعمال کرنے کیلئے تیز کرنے دی۔

ڈونگرے نے کہاکہ ہم نے لڑکے کو درانتی کے معاملہ میں سوالات کے لئے طلب کیا مگر اس نے بچنے اور گمراہ کرنے والے جوابات دئیے۔ بعد ازاں ہم نے اس کے ساتھ سخت تفتیش کی جب وہ ٹوٹ گیا اور بلآخر اقبال جرم کیا۔

لڑکے کے بیان کے مطابق اسے اپنی ماں اور قریبی دوست مالی کے درمیان ناجائز تعلقات کا شبہ تھا وہ بعد الذکر کے سامنے پشیمان اور شرمندہ تھا۔ اتفاق کی بات ہے کہ یہ لڑکا اور مالی جنہوں نے دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کی‘ پڑوسی مکانات میں مقیم ہیں اور متصل کھیتوں کے مالک ہیں۔

مالی فصل پر نگاہ رکھنے کیلئے راتیں کھیت میں گزارا کرتا تھا۔ دونوں قریبی دوست تھے چنانچہ مالی کو خاتون کے مکان تک بلاروک ٹوک رسائی حاصل تھی جس پر خاتون کے لڑکے نے شبہ کیا کہ ان دونوں کے درمیان کچھ شوخی ہے۔

اس حقیقت سے شبہ میں مزید اضافہ ہوا کہ خاتون کئی سال قبل اپنے شوہر سے الگ ہوکر اپنے بیٹے (ملزم) کے ساتھ تنہا مقیم ہے۔ مقامی طور پر رومیو کے نام سے مشہور مالی کے لڑکے کی چچیری بہن کے ساتھ تعلقات رہے جس کی گزشتہ سال شادی کی گئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ لڑکے نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ حتیٰ کہ اس نے خاموشی کے ساتھ کئی دنوں تک مالی اور اپنی ماں کی جاسوسی کی اور ان کی حرکتوں و ملاقاتوں پر نگاہ رکھی۔ جب ان دونوں کے درمیان تعلقات کا حتمی یقین ہوا تو نوخیز لڑکے نے اپنے دوست کو ختم کرنے کا تہیہ کیا۔

اس نے مالی کو ہفتہ کے ابتدائی گھنٹوں میں ختم کرنے کے منصوبے پر عمل کیا اور گھرچلاگیا۔ ڈونگرے نے کہاکہ تحقیقات کا افسوسناک حصہ یہ ہے کہ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ لڑکے کی ماں اور اس کے بہترین دوست کے درمیان کوئی سنگین معاملہ نہیں تھا۔

یہ قتل چند غلط فہمیوں اور افواہوں کا نتیجہ تھا۔ ڈونگرے نے مزید کہاکہ ہم نے خاتون اور متوفی کے موبائیل فون کال کے ریکارڈس کی جانچ کی۔ خاتون سے تفصیلی تحقیقات کی گئی اگرچہ یہ دونوں اکثر بات چیت کیا کرتے تھے مگر دونوں کے درمیان کوئی غیر معمولی بات نہیں تھی جس کا لڑکے کی جانب سے شبہ کیا گیا۔

پولیس تحقیقات مکمل ہونے کے بعد لڑکے کو جونیل جسٹس بورڈ کے روبرو پیش کیا جائے گا جو معاملہ میں مزید فیصلے کرے گا۔