حیدرآباد

پوچھ تاچھ کیلئے کویتا سے اجازت حاصل کرنا مضحکہ خیز: ریونت ریڈی

ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی ساز باز والی سیاست کو عوام دیکھ رہے ہیں جو اور کچھ نہیں ہے بلکہ تلنگانہ میں مغربی بنگال کے تجربہ کو دہرانا ہے۔

حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے سی بی آئی کی جانب سے ٹی ار ایس رکن کونسل کے کویتا سے پوچھ تاچھ کیلئے اجازت طلب کرنے کے اقدام کو مضحکہ خیز اور ناقابل فہم قرار دیا۔

 کانگریس قائدین نے اس مسئلہ پر ٹی آر ایس اور بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی کی اس حرکت سے پھر ایک باریہ واضح ہوگیا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان ساز باز ہے۔

 صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی نے کہا کہ اب تک سی بی آئی نے جتنے افراد کو نوٹس جاری کی ہے۔ اُن سب کو تحقیقات کیلئے پوچھ تاچھ کرنے نئی دہلی طلب کیا جاتا تھا مگر اب وہی سی بی آئی، کویتا سے شراب اسکام میں پوچھ تاچھ کیلئے اجازت طلب کررہی ہے۔

 ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی ساز باز والی سیاست کو عوام دیکھ رہے ہیں جو اور کچھ نہیں ہے بلکہ تلنگانہ میں مغربی بنگال کے تجربہ کو دہرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں نے شراب اسکام میں ملوث ہر ملزم کو دہلی آنے کیلئے سمن جاری کیا پھر ایسا کیا راز ہے کہ کویتا کو پیش کش کی گئی کہ وہ جہاں چاہیں گی ان سے پوچھ تا چھ کی جائے گی۔

 یہ اور کچھ نہیں بی جے پی اور ٹی آر ایس کے درمیان ساز باز کی ایک مثال ہے ہم حقائق سے پوری طرح واقف ہیں مگر ہم کو سی بی آئی کی جانب سے کویتا کو جاری کی گئی نوٹس پر شبہات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کئی واقعات ہیں جن کے ذریعہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے کی گئی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کا پردہ فاش کیا جاسکتا ہے۔