شمالی بھارت

ہتک عزت کیس : راہول گاندھی کی کل سورت آمد

کانگریس قائد راہول گاندھی پیر کے دن گجرات کے شہر سورت میں ہوں گے تاکہ ہتک عزت کیس میں سیشن کورٹ میں اپیل دائرکرسکیں۔

سورت: کانگریس قائد راہول گاندھی پیر کے دن گجرات کے شہر سورت میں ہوں گے تاکہ ہتک عزت کیس میں سیشن کورٹ میں اپیل دائرکرسکیں۔

ان کے وکیل نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔ راہول گاندھی سیشن کورٹ میں حاضر ہوں گے اور میٹروپولیٹن کورٹ کے احکام کو چیلنج کریں گے۔ عدالت نے انہیں دو سال جیل کی سزاء سنائی تھی۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی۔

ان کے وکیل کریٹ پان والا نے بتایاکہ راہول گاندھی سورت سیشن کورٹ پہنچیں گے اور سہ پہرتین بجے کے آس پاس اپیل دائر کریں گے۔

پیر کی دوپہر راہول گاندھی جس وقت سورت پہنچیں گے کانگریس کے سینئر قائدین بھی وہاں موجود ہوں گے۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی۔ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ ایچ ایچ ورماکی عدالت نے23مارچ کو راہول گاندھی کو 2019ء کے فوجداری ہتک عزت کیس میں خاطی ٹہراکردوسال قید کی سزا سنائی تھی۔

مودی سرنیم والے ریمارک پر ان کے خلاف یہ کیس درج ہوا تھا۔ 52 سالہ راہول گاندھی کو تعزیرات ہند(آئی پی سی) کی دفعات 499 اور 500کے تحت خاطی قراردیاگیاتھا۔

عدالت نے ضمانت دیتے ہوئے 30 دن کیلئے سزا معطل رکھی تھی تاکہ وہ ہائیکورٹ میں اپیل کرسکیں۔ 23مارچ کو راہول گاندھی عدالت میں موجود تھے۔ سابق صدرکانگریس کو24مارچ کو لوک سبھا سے نااہل قراردے دیاگیاتھا۔

اب راہول گاندھی 8 سال تک الیکشن نہیں لڑسکتے۔ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ سزا ردکردیں تو بات الگ ہے۔ راہول گاندھی نے جوکیرالا کے حلقہ وایناڈ سے رکن لوک سبھا تھے 13 اپریل2019ء کو کرناٹک کے کولار میں انتخابی ریالی سے خطاب میں کہاتھا کہ سارے چوروں کا مشترکہ سرنام مودی کیوں ہوتا ہے۔