حیدرآباد

حیدرآباد: شہر میں 2 افراد کا قتل

دوسرا قتل عنبرپیٹ میں ہوا جہاں ایک تاجر پی جیہ سوریہ سنیل (54 سالہ) کی اس وقت موت ہوگئی جب ایک شخص نے جس کے ساتھ اس کا کچھ مالی تنازعہ چل رہا تھا، اس پر حملہ کر دیا۔

حیدرآباد: شہر میں دو علیحدہ واقعات میں 2 افراد کو قتل کردیا گیا۔

پہلا واقعہ ملک پیٹ میں پیش آیا جہاں پیر کی دیر رات ایک 64 سالہ شخص کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول محمد جعفر ساکن ملک پیٹ موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ موسیٰ رام باغ کالونی سب روڈ پر نامعلوم افراد نے اس پر چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔ اس حملے میں اسے شدید ضربات آئے جس کے نتیجہ میں وہ وہیں دم توڑ گیا۔

ملک پیٹ انسپکٹر کے سرینواس نے بتایا کہ ہمیں شبہ ہے کہ جعفر کے جاننے والے کچھ لوگوں نے ہی اس کا قتل کیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔

دوسرا قتل عنبرپیٹ میں ہوا جہاں ایک تاجر پی جیہ سوریہ سنیل (54 سالہ) کی اس وقت موت ہوگئی جب ایک شخص نے جس کے ساتھ اس کا کچھ مالی تنازعہ چل رہا تھا، اس پر حملہ کر دیا۔

پولیس کے مطابق سنیل جمعرات کی رات اپنے دوست نرسنگ راؤ کے ساتھ ایک کار میں جارہا تھا کہ شیام کمار نے گاڑی کو روکا اور اس کے ساتھ جھگڑا کیا۔

شیام اور سنیل کے درمیان کچھ مالی تنازعات تھے۔ دونوں میں جھگڑا ہوا اور غصے میں آکر شیام نے سنیل کو اس کے سینے اور جسم کے دیگر حصوں پر گھونسے مارے جس کے نتیجے میں سنیل کے جسم میں اندرونی حصوں میں خون رسنے لگا تھا۔

سنیل کو دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران پیر کی رات اس کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے شیام کو حراست میں لے لیا ہے۔