حیدرآباد

تشکیل تلنگانہ کے بعد تلنگانہ میں مچھلیوں کی افزائش میں اضافہ: ہریش راؤ

ہریش راؤ نے کہاکہ حکومت نے آبائی پیشوں کی حوصلہ افزائی اور ریاست میں مچھلیوں کی افزائش میں اضافہ کے لئے ریاست کے تمام تالابوں میں چھوٹی مچھلیوں اور جھینگوں کو چھوڑنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا ہے کہ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ ملنے کے بعد مچھلیوں کی افزائش میں اضافہ ہوا ہے جبکہ متحدہ آندھراپردیش میں آندھراعلاقہ سے مچھلی حاصل کی جاتی تھی۔

اب صورتحال بدل گئی ہے اور تلنگانہ کے لوگ بیرونی ممالک کو مچھلی سپلائی کرنے کے موقف میں آگئے ہیں۔ وزیر ہریش راؤ نے سدی پیٹ ضلع کے کوماتی تالاب میں چھوٹی مچھلیوں کو چھوڑا۔

حکومت نے آبائی پیشوں کی حوصلہ افزائی اور ریاست میں مچھلیوں کی افزائش میں اضافہ کے لئے ریاست کے تمام تالابوں میں چھوٹی مچھلیوں اور جھینگوں کو چھوڑنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔اس پروگرام کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہریش راو نے واضح کیا کہ ریاست بھر کے تالابوں میں 120 کروڑ مچھلی چھوڑی جا رہی ہے۔