حیدرآباد

ٹی آر ایس کے وزیر ملا ریڈی کے مکان پر آئی ٹی کے چھاپے

یہ تلاشی،تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے لیڈروں کے خلاف جانچ کے سلسلہ کا حصہ ہے۔ملاریڈی کے اداروں اور ان کے رشتہ داروں کے مکانات کی بھی تلاشی لی گئی۔

حیدرآباد: محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں نے تلنگانہ کے وزیر لیبر ملاریڈی کے مکان پر چھاپے مارے۔منگل کی صبح کی اولین ساعتوں میں کی گئی اس کارروائی میں آئی ٹی کے عہدیداروں کی تقریبا 50ٹیموں نے حصہ لیا جنہوں نے ملاریڈی، ان کے بیٹے مہیندرریڈی اور داماد راج شیکھرریڈی کے مکانات پر چھاپے مارے۔

ملاریڈی کے فرزند شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ کوم پلی میں رہتے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ ٹیکس کی چوری کے شبہ میں یہ چھاپے مارے گئے۔ملاریڈی کی بیوی کلپنا ریڈی سی ایم آر ایجوکیشنل سوسائٹی،ملاریڈی ایجوکیشنل سوسائٹی، چندرماایجوکیشنل سوسائٹی، سینٹ مارٹنس ایجوکیشنل سوسائٹی کی نائب صدر ہیں۔

وہ سی ملاریڈی ایجوکیشنل سوسائٹی اور ایم جی آر ایجوکیشنل سوسائٹی کی صدر بھی ہیں۔آئی ٹی کے عہدیداروں نے رئیل اسٹیٹ اراضیات اور جائیدادوں کے بارے میں پتہ چلانے کی کوشش کی جس کی خریداری ملاریڈی اور ان کے ارکان خاندان نے گذشتہ تین برسوں میں کی ہے۔

یہ تلاشی،تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے لیڈروں کے خلاف جانچ کے سلسلہ کا حصہ ہے۔ملاریڈی کے اداروں اور ان کے رشتہ داروں کے مکانات کی بھی تلاشی لی گئی۔

 قبل ازیں آئی ٹی کی ٹیموں نے تلنگانہ کے وزیر سیول سپلائز گنگولہ کملاکر کے ساتھ ساتھ دیگر وزرا، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی کے مکانات اور دفاتر کی تلاشی لی تھی۔