سوشیل میڈیا

منوگوڑوضمنی انتخاب، امیدوار نے موچی کی دکان پر چپل کی سلائی کی

اپنی انتخابی مہم کے دوران پال نے امبیڈکر چوراہے پر ایک موچی کی دکان پہنچ کر چپل کی سلائی کی۔انہوں نے اس موچی کے طرز زندگی اورذریعہ معاش پر افسوس کااظہا ربھی کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے حلقہ اسمبلی منوگوڑوکے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں سیاسی جماعتیں انتخابی مہم چلانے کے دوران ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہی ہیں۔ پرجاشانتی پارٹی کے بانی و منوگوڑو اسمبلی حلقہ کے امیدوار کے اے پال، رائے دہندوں کو راغب کرنے کے لئے بڑے پیمانہ پر مہم چلارہے ہیں۔

وہ رائے دہندوں کوراغب کرنے اوران کی توجہ حاصل کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہتے۔اپنی انتخابی مہم کے دوران پال نے امبیڈکر چوراہے پر ایک موچی کی دکان پہنچ کر چپل کی سلائی کی۔انہوں نے اس موچی کے طرز زندگی اورذریعہ معاش پر افسوس کااظہا ربھی کیا۔

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ وہ رائے دہندوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لئے ہی اس ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت نے مادیگاطبقہ کی فلاح وبہبود اور اس طبقہ کو اونچااٹھانے کے لئے کوئی بھی اقدامات نہیں کئے ہیں۔

واضح رہے کہ راج گوپال ریڈی کے کانگریس اور اسمبلی کی نشست سے استعفی کے بعد بی جے پی میں شامل ہونے کے سبب اس حلقہ کا ضمنی انتخاب ضروری ہوگیا ہے۔زعفرانی جماعت نے راج گوپال ریڈی کو اس حلقہ کا امیدوار بنایا ہے۔