حیدرآباد

سرحدوں پر چین اور پاکستان کی سازش پر مودی خاموش: ریونت ریڈی

ریونت ریڈی نے یاد دہانی کروائی کہ اندرا گاندھی نے انتظامیہ میں بنیادی تبدیلیاں لائی تھیں اور ملک کی سالمیت کے تحفظ کے لیے غیر ملکی طاقتوں کے خلاف انہوں نے جنگ لڑی۔

حیدرآباد: صدرتلنگانہ کانگریس ریونت ریڈی نے الزام لگایا کہ بی جے پی برطانوی پالیسیوں کو ملک کے عوام پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ چین اور پاکستان ملک کی سرحدوں کے اندر سازش کر رہے ہیں اور وزیراعظم خاموش ہیں۔

صدرریاستی کانگریس نے راہل گاندھی کے انتباہ کے باوجود ملک کی سلامتی پر توجہ نہ دینے پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ملک کو آزادی دلا ئی ہے اور تب ہی سے وہ اس ملک کی سالمیت کی حفاظت کر رہی ہے۔

گاندھی جی کی موت کے بعد بھی کانگریس ان کے جذبہ کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ اندرا گاندھی نے انتظامیہ میں بنیادی تبدیلیاں لائی تھیں اور ملک کی سالمیت کے تحفظ کے لیے غیر ملکی طاقتوں کے خلاف انہوں نے جنگ لڑی۔

 انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کے سامنے ایک طاقتور ملک کے طور پر کھڑا ہوا ہے۔ حق معلومات قانون لانے کا سہرا کانگریس پارٹی کے سر جاتا ہے۔ریونت ریڈی نے کانگریس کے 138 ویں یوم تاسیس کے موقع پر حیدرآباد میں واقع پارٹی ہیڈکوارٹرس گاندھی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں پارٹی پرچم کی نقاب کشائی کی۔

اس موقع پر انہوں نے کانگریس کے یوم تاسیس پر ملک کے عوام اور کانگریس کیڈر کو مبارکباد پیش کی اورنیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جے پی نے خواتین ریزرویشن بل کی منظوری سے روکا۔

 ریونت نے کہا کہ راہل گاندھی نے ملک کو آنے والے خطرے سے بچانے کے لیے پد یاترا کی ہے۔ ریونت ریڈی نے عوام سے خواہش کی کہ وہ 26 جنوری سے ہاتھ سے ہاتھ جوڈو یاترا کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے پارٹی کیڈر پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے وقت جب ریاست خطرے میں ہے ذاتی مسائل کو ترجیح دیے بغیر عوام کے لیے لڑائی لڑیں۔