حیدرآباد

گاندھی ہاسپٹل میں جلد ہی اعضا کی پیوند کاری کا بلاک قائم کیاجائے گا: ہریش راؤ

وزیرموصوف نے اعضا کے عطیہ کے قومی دن کے موقع پر گاندھی میڈیکل کالج میں منعقد ایک پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر اعضاء کا عطیہ دینے کے لیے آگے آنے والے خاندانوں کوتہنیت پیش کی گئی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ جسمانی سرگرمی کی کمی کی وجہ سے لوگ بی پی اور شوگر سے متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء میں اسکول کی سطح سے ہی صحت سے متعلق بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیرموصوف نے اعضا کے عطیہ کے قومی دن کے موقع پر گاندھی میڈیکل کالج میں منعقد ایک پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر اعضاء کا عطیہ دینے کے لیے آگے آنے والے خاندانوں کوتہنیت پیش کی گئی۔

بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راو نے کہا کہ دیہی ترقی اور شہری ترقی کے ذریعہ بیماریوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ ایک شخص کے اعضا کے عطیہ سے 8افراد کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ماضی میں صرف دولت مند افراد ہی اعضا کی پیوند کاری کے متحمل ہوتے تھے لیکن اب وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے خصوصی اقدام سے یہ سہولت غریبوں کو بھی دستیاب کروائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہاعضاء کی پیوند کاری کے آپریشن کے لیے آروگیہ شری میں 10 لاکھ روپے فراہم کئے جارہے ہیں۔

 انہوں نے اعلان کیا کہ حیدرآباد کے گاندھی اسپتال میں جلد ہی اعضا کی پیوند کاری کا بلاک قائم کیا جائے گا جہاں 35 کروڑ روپے کا سامان اس مقصد کیلئے آئندہ 6ماہ میں دستیاب کروایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اعضاء کا عطیہ کرنے والوں کے افرادخاندان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 3 ہزار افراد اعضاء کے منتظر ہیں۔ ذہنی طورپر مردہ قراردیئے گئے افرادکے اعضاء کو لے جانے کے لیے ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جہاں سڑک حادثات زیادہ ہوتے ہیں۔