حیدرآباد

وزیر اعظم، سپریم کورٹ میں عبادت گاہوں کے قانون کا دفاع کریں ، اسد اویسی کا مودی کو مکتوب

اسد الدین اویسی نے تحریر کیا کہ پارلیمنٹ میں بنائے گئے قانون کا دفاع کرنا عاملہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ یہ قانون، 15/ اگست1947 تک کہ عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے یہ قانون نافذ کیا گیا ہے۔

حیدرآباد: اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ میں عبادت گاہوں (خصوصی دفعات) کے قانون بابتہ1991 کا دفاع کریں۔ وزیر اعظم کو ایصال کردہ اپنے مکتوب میں حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وزیر اعظم کو اس قانون کے تحفظ کیلئے دفاع کرنا چاہئے کیونکہ یہ ہندوستان کے تنوع کو برقرار رکھتا ہے۔

اس قانون کو بنانے پر چالنج کی جانے والی عرضی پرسپریم کورٹ میں سماعت کے پیش نظر اویسی نے نریندر مودی کو یہ مکتوب تحریر کیا ہے۔ ملک کی سب سے بڑی عدالت نے اس قانون کے بارے میں مرکزی حکومت سے اپنا موقف واضح کرنے کا حکم دیا ہے۔

 رکن پارلیمنٹ نے تحریر کیا کہ پارلیمنٹ میں بنائے گئے قانون کا دفاع کرنا عاملہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ یہ قانون، 15/ اگست1947 تک کہ عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے یہ قانون نافذ کیا گیا ہے۔

اس قانون کو بنانے کا پس پردہ بنیادی مقصد ہندوستان کے متنوع اور اس کی تکثریت کا تحفظ کرنا تھا اور اس بات کی طمانیت بھی دینا تھا کہ آزاد ہندوستان، عبادت گاہوں کے تنازعات کا شکار نہ ہونے پائے اور اس سے سماج کی مسلسل تقسیم نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سے ملک کی جدوجہد آزادی کے اقدار کی عکاسی ہوتی ہے۔ اسد اویسی نے نریندر مودی کو روانہ کردہ مکتوب میں یہ بات کہی۔

 انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں یہ قانون بنایا گیا تب بظاہر یہ مانا گیا تھا کہ عبادت گاہوں کو تبدیل کرنے کے متعلق وقتاً فوقتاً اٹھنے والے تنازعات پر روک لگانے میں ناگزیر قدم سمجھا گیا اور اس قانون کے نفاذ سے ملک کے سیکولر تانے بانے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی رحجان کے ماحول کو بحال کرنے میں مدد ملے گی اس امید پر یہ ایکٹ نافذ کیا گیا کہ یہ ماضی کے زخموں پر مرہم رکھنے کا کام کرے گا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کوبحال کرنے میں کارآمد ثابت ہوگا۔

اسد الدین اویسی نے اعادہ کیا کہ بابری مسجد تنازعہ کیس کے تصفیہ کے وقت سپریم کورٹ ن ے بھی عبادت گاہوں کے قانون کے نافذ العمل ہونے کی بات کہی۔ اسد الدین اویسی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ عاملہ کو کوئی ایسا نظر یہ اختیار نہ کرنے دیں جو دستور کے جذبہ کے مغائر ہو۔