مسلم تحفظات میں تخفیف، چیف منسٹر وضاحت کریں : محمد علی شبیر
سپریم کورٹ نے مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں 4فیصد تحفظات کو جوں کا توں برقرار رکھنے کے احکام جاری کئے تھے۔ محمد علی شبیر نے چیف منسٹر سے نئے روسٹر سسٹم جس میں 4فیصد تحفظات کو گھٹا کر 3فیصد کیا گیا ہے، پر موقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔

حیدرآباد: سابق وزیر وقائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت نے مسلمانوں کے 4 فیصد تحفظات میں تخفیف کرتے ہوئے تحفظات کو 3فیصد کردینے پرتشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ تحفظات کو ٹہ میں تبدیلی سپریم کورٹ کے احکام کی خلاف ورزی ہے۔
سپریم کورٹ نے مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں 4فیصد تحفظات کو جوں کا توں برقرار رکھنے کے احکام جاری کئے تھے۔ محمد علی شبیر نے چیف منسٹر کے سی آر سے نئے روسٹر سسٹم جس میں 4فیصد تحفظات کو گھٹا کر 3فیصد کیا گیا ہے، پر موقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔
آج یہاں گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے حالیہ جاری کردہ جی او میں قاعدہ 22اور22(A)،M69 سرویس قواعد کے تحت مسلمانوں کے 4فیصد تحفظات کو گھٹا کر 3فیصد کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے چیف منسٹرسے وضاحت طلب کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کانگریس دور حکومت میں سماجی و معاشی طور پر پسماندہ مسلمانوں کے 14 طبقات کو بی سی ای زمرہ کے تحت5فیصد تحفظات فراہم کئے گئے تھے۔ بعدازاں ہائی کورٹ کی ہدایت پر سال2007-08 میں 5فیصد تحفظات میں سے ایک فیصد کو گھٹا کر 4فیصد کیا گیا تھا۔ بعدازاں اس مسئلہ کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا۔
عدالت عظمیٰ نے 2010 میں 4فیصد مسلم تحفظات کو وسیع تربنچ کے قطعی فیصلہ کے آنے تک جوں کا توں برقرار رکھنے کے احکام جاری کئے ہیں۔ اس کے باوجود ٹی آر ایس حکومت نے مسلم تحفظات کو گھٹا کر 3فیصد کردینا غیر قانونی اور غیر دستوری ہے۔
محمد علی شبیر نے چیف منسٹر سے اس غلطی کو فوری دور کرنے اور 4فیصد تحفظات کو برقرار رکھنے سے متعلق نیا جی او جاری کرنے اور مذکورہ فاش غلطی کے مرتکب عہدیداروں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ سابق وزیر نے کہا کہ 2014 کے انتخابات میں چیف منسٹر نے مسلمانوں کے تحفظات کو 4فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کرنے کا وعدہ کیا تھالیکن گذشتہ8 سال کے اقتدار میں کے سی آر نے اپنے اس وعدہ کو نظر انداز کردیا۔
اپنی اس غلطی پر مسلمانوں سے معذرت خواہی کرنے کی بجائے چیف منسٹر نے4 فیصد تحفظات کو ایک فیصد گھٹا کر3فیصد کردینا مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔محمد علی شبیر نے کہا کہ اگر ٹی آر ایس حکومت اپنی اس غلطی کو درست نہیں کرے گی تو کانگریس پارٹی4فیصد تحفظات کی بقاء کیلئے عدالت سے رجوع ہوگی۔