شمالی بھارت

احمد پٹیل کے بیٹے کا بی جے پی کی طرف جھکاؤ

گجرات کی سیاست میں بڑی تبدیلی دکھائی دے رہی ہے۔ کانگریس قائد احمد پٹیل مرحوم کے بیٹے فیصل پٹیل کا جھکاؤ بی جے پی کی طرف ہے جبکہ ان کی بہن ممتاز‘ کانگریس امیدوار کی حیثیت سے سیاست میں قدم رکھنے کی تیاری میں ہیں۔

بھڑوچ: گجرات کی سیاست میں بڑی تبدیلی دکھائی دے رہی ہے۔ کانگریس قائد احمد پٹیل مرحوم کے بیٹے فیصل پٹیل کا جھکاؤ بی جے پی کی طرف ہے جبکہ ان کی بہن ممتاز‘ کانگریس امیدوار کی حیثیت سے سیاست میں قدم رکھنے کی تیاری میں ہیں۔

سابق صدر کانگریس سونیا گاندھی کے قریبی ساتھی احمد پٹیل کووِڈ19 کے باعث 2020 میں انتقال کرگئے۔ وہ کانگریس کی سیاست میں بڑی شخصیت تھے۔ ان کے انتقال سے پارٹی میں بڑا خلاء پیدا ہوا۔ اب ان کے بچوں فیصل اور ممتاز میں باپ کے سیاسی ورثہ کے لئے رسہ کشی موضوع ِ بحث بنی ہوئی ہے۔

حال میں فیصل نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں انہیں گجرات بی جے پی کے صدر سی آر پاٹل کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کے جواب میں ممتاز پٹیل نے سابق صدر کانگریس راہول گاندھی کے ساتھ لی گئی تصویر شیئر کی۔

تصویروں کا یہ تبادلہ واضح کرتا ہے کہ دونوں کی سیاسی راہیں جدا ہیں۔ گجرات اسمبلی الیکشن سے قبل ممتاز نے اشارہ دیا تھا کہ وہ اپنے والد کے سیاسی ورثہ کو آگے بڑھائیں گی۔ انہوں نے اپنے والد کے قائم کردہ مختلف اداروں کے ذریعہ کمیونٹی سروس میں سرگرم حصہ لیا۔

انہوں نے بھڑوچ کانگریس کے سینئر قائدین‘ سماجی قائدین اور مختلف شعبہ حیات کے لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔ سیاسی راہداریوں میں واضح اشارے ہیں کہ فیصل پٹیل کی بی جے پی سے قربت بڑھ رہی ہے جبکہ ممتاز پٹیل‘ کانگریس کے ساتھ اپنا سیاسی کیرئیر شروع کرنے کی کوشش میں ہیں۔ بیٹیاں باپ کے نقش ِ قدم پر چلتی ہیں۔

1977 میں 26 سال کی عمر میں ان کے والد احمد پٹیل نے بھڑوچ سے الیکشن جیتا تھا۔ وہ سب سے کم عمر رکن پارلیمنٹ بنے تھے۔ ممتاز نے اگست 2022 میں اپنے سیاسی عزائم کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سیاست سے دلچسپی رکھتی ہیں اور 2024میں بھڑوچ سے الیکشن لڑنے کی خواہاں ہیں۔