حیدرآباد

منگوڈ کے 3منڈلوں میں ٹی آر ایس کا موقف کمزور

کہ انٹلیجنس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اسمبلی حلقہ کے تین منڈلوں میں ٹی آر ایس کا موقف ابھی کمزور ہے۔ ان حلقوں میں پارٹی کی تشہیری مہم میں تیزی اور جارحانہ رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ظاہر کی جارہی ہے۔

حیدرآباد: منگوڈ اسمبلی حلقہ کے عوام کی نبض جانچنے کیلئے حکمراں جماعت ٹی آر ایس مختلف ایجنسیوں کی خدمات سے استفادہ کررہی ہے۔ روزانہ مختلف دیہاتوں کا سروے کراتے ہوئے رپورٹس منگوائی جارہی ہیں۔ ان رپورٹس پر روزانہ رات میں پارٹی کے اعلیٰ قائدین کی جانب سے جائزہ لئے جانے کی اطلاع ہے۔

 اس کے علاوہ ہرتیسرے روز انٹلیجنس کی جانب سے رپورٹ حاصل ہورہی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ انٹلیجنس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اسمبلی حلقہ کے تین منڈلوں میں ٹی آر ایس کا موقف ابھی کمزور ہے۔ ان حلقوں میں پارٹی کی تشہیری مہم میں تیزی اور جارحانہ رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ظاہر کی جارہی ہے۔

 ٹی آر ایس ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے حلقہ اسمبلی منگوڈ میں چھ خانگی اداروں کے ذریعہ سروے کروایا جارہا ہے۔ روزانہ حاصل ہورہی رپورٹس کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔ پارٹی قیادت، کس منڈل کے کس دیہات میں پارٹی کا موقف کمزور ہے، عوام کو کس نوعیت کے مسائل درپیش ہیں، ان مسائل کا حل کرنے کس طرح کے وعدے کئے جانے چاہئے۔

 حالات کو پارٹی کے مواقف کس طرح بدلا جاسکتا ہے،پر سنجیدگی سے غور وخوص کررہی ہے اور لائحہ عمل تیار کررہی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ روزانہ رات میں پارٹی کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ اور سینئر قائد ٹی ہریش راؤ ان رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو اختیار کئے جانے والے لائحہ عمل کے متعلق رہنمائی کررہے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ پارٹی قائدین کو اشارتاً یہ بتادیا گیا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے منگوڈ انتخابات میں اچھی کارکردگی دکھانا ہی پیمانہ رہے گا۔

 اس کے علاوہ جن تین منڈلوں میں پارٹی کا موقف کمزور بتایا گیا ہے وہاں پارٹی قائدین وکارکنوں کو گھر گھر پہنچ کر عوام سے ملاقات کرنے، پارٹی کی کارکردگی اور مسائل حل کرنے کا تیقن دینے کی ہدایت دی گئی۔ پارٹی کے قائدین کا کہنا ہے کہ انٹلیجنس کی رپورٹ سے ٹی آر ایس کی راتوں کی نیند اڑ گئی ہے۔