حیدرآباد

بجاج شوروم سے 432 سل فونس سرقہ کا معمہ حل

راچہ کنڈاپولیس نے شہر حیدرآبادکے نواحی علاقہ کے ایک الیکٹرانک شوروم سے 432قیمتی سل فونس کے سرقہ کا معمہ حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اس سلسلہ میں جھارکھنڈسے 2 افراد کوگرفتار کرنے کا اعلان کیاہے۔

حیدرآباد: راچہ کنڈاپولیس نے شہر حیدرآبادکے نواحی علاقہ کے ایک الیکٹرانک شوروم سے 432قیمتی سل فونس کے سرقہ کا معمہ حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اس سلسلہ میں جھارکھنڈسے 2 افراد کوگرفتار کرنے کا اعلان کیاہے۔

راچہ کنڈاپولیس نے آج دو سارقوں کی گرفتاری کا انکشاف کیااوران پر شہر کے مضافاتی علاقہ کے ایک الیکٹرانک شوروم سے 432 سل فونس کی چوری کرنے کاالزام ہے۔ پولیس نے بتایا کہ خطرناک بین ریاستی ”عالم گینگ“کے دو ارکان کوگرفتار کرلیاگیا ہے۔گینگ (ٹولی) کے مزید 4ارکان کی تلاش جاری ہے جومفرور بتائے گئے ہیں۔

20 اور 21 ستمبرکی درمیانی شب‘شوروم میں سرقہ کی واردات پیش آئی تھی۔ ملزمین ای سی آئی ایل ایکس روڈ پرواقع بجاج الیکٹرانکس اسٹور میں داخل ہوئے اورمختلف برانڈس کے 432 سل فونس کاسرقہ کرلیا۔مسروقہ سل فونس میں اوپو‘وائیو‘ایپل اور دوسرے برانڈس شامل تھے جن کی مالیت 70لاکھ روپے بتائی گئی۔

کشائی گوڑہ پولیس نے 21ستمبرکوسرقہ کا کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کاآغاز کردیاتھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مشاہدہ کے دوران پولیس نے پایا کہ نقاب پوش تین نامعلوم افراد 20 ستمبر کو11بجے شب کے قریب اسٹور میں داخل ہوئے۔ ان افراد نے دکان کی پہلی منزل کی فالس سیلنگ کوکھولااور اندر داخل ہوئے اورملزمین نے قریب 3بجے شب‘سل فونس لے کر فرار ہوگئے۔

تحقیقات کے حصہ کے طورپرکشائی گوڑہ ڈیویژن کی 10پولیس ٹیموں نے ملزمین کے آئے ہوئے راستہ کے تقریباً 500 کیمروں کی چھان بین کی ان کیمروں کی اسکیان کے دوران پولیس نے ایک آٹورکشہ کی شناخت کرلی ملزمین نے اس آٹوکوای سی آئی ایل اورامبیڈکر نگر کے درمیان سفر کے لئے استعمال کیاتھا۔ ملزمین کی شناخت کے بعدپولیس کی ایک ٹیم کوجھارکھنڈ روانہ کیاجہاں سے 30 ستمبر کو اصل سرغنہ 40 سالہ ستارشیخ کوگرفتار کیاگیا۔ضلع صاحب گنج پولیس کی اعانت سے اس ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

راچہ کنڈاپولیس کی دوسری ٹیم کومغربی بنگال روانہ کیاگیا تھا جہاں ضلع مالڈا کے تین پولیس اسٹیشنوں کی مددسے راچہ کنڈا پولیس کی ٹیم نے مختلف مقامات پردھاوے کرتے ہوئے 2اکتوبرکو 20سالہ اسد الشیخ کو پکڑلیاگیا۔ پولیس نے اس ملزم کے قبضہ سے 80 ہزار روپے نقد اوردوسل فونس کو ضبط کرلیا۔ تفتیش کے دوران ان دوملزمین ستار شیخ اور اسد شیخ نے دیگر چار افراد کے ساتھ ڈکیتی کے جرم کا اعتراف کرلیا۔

دیگرچارساتھیوں میں سعید‘اشرفل‘بدرالدین اور بی اللہ شامل ہیں یہ چاروں جومفرور بتائے گئے ہیں‘جھارکھنڈ کے متوطن ہیں۔ان مفرور 4ملزمین کوگرفتار کرنے کی سعی کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمین ”عالم گینگ“کاحصہ ہیں۔ یہ گینگ بڑے اداروں جیسے بینکس‘جیولری شاپس اور موبائل فون شاپس کو رات کے اوقات میں ہی اکثرنشانہ بناتی ہے۔ ملزمین‘ دیواروں یاچھتوں میں سوراخ کرتے ہوئے اندر داخل ہوتے ہیں اور پھر سرقہ کی وارداتیں انجام دیتے ہیں۔

جرم کے ارتکاب کے بعد اس گینگ کے ارکان بنگلہ دیش جیسے ممالک کی سرحد سے انتہائی قریب کے گاؤں میں پناہ لیتے ہیں۔ایسی صورت میں ملزمین کوپکڑنا‘مسروقہ مال کوحاصل کرنا پولیس کے لئے دشوارہوجاتا ہے کیونکہ ملزمین‘مسروقہ مال کو بنگلہ دیش اور نیپال جیسے ممالک کوروانہ کردیتے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ستار‘ممبئی‘دہلی‘ کرناٹک‘ یوپی‘مغربی بنگال اورگجرات میں سرقہ کی وارداتوں میں ملوث بتایا گیا ہے۔ اس گینگ کے ارکان‘9مئی 2022 کویوپی کے غازی پور کی یونین بینک آف انڈیا سے جیولری کے سرقہ میں بھی ملوث تھے۔