کرناٹک

مٹھ کے سوامی لاپتہ‘ نو شادی شدہ خاتون کے ساتھ فرار ہونے کا شبہ

بنگلورو کے قریب سولور ٹاؤن سے ایک مذہبی رہنما کے لاپتا ہونے کا معاملہ سامنے آیا۔ مفرور سوامی کے عقیدتمندوں اور ان کے قریبی حلقہ کو سوامی کے نوشادی شدہ خاتون کے ساتھ فرار ہونے کا شبہ ہے۔

رام نگر: بنگلورو کے قریب سولور ٹاؤن سے ایک مذہبی رہنما کے لاپتا ہونے کا معاملہ سامنے آیا۔ مفرور سوامی کے عقیدتمندوں اور ان کے قریبی حلقہ کو سوامی کے نوشادی شدہ خاتون کے ساتھ فرار ہونے کا شبہ ہے۔

مگاڈی تعلقہ کے سولور گڈوگے مٹھ کے لنگایت شیوامہانتا سوامی جی کے فرار ہونے کا شبہ ہے۔ ذرائع کے مطابق سوامی جی کو ایک خاتون سے محبت ہوگئی تھی جس کی شادی دیڑھ ماہ قبل ہی ہوئی تھی۔

ذرائع نے کہا کہ ان کے سادھو بننے سے قبل ان کا نام ہریش تھا۔ سوامی جی کے طور پر دیکشا پانے کے بعد انہیں سولور مٹھ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

ذرائع نے یہ بھی کہا کہ لاپتا سوامی نے اپنے پیچھے ایک خط چھوڑا جس میں کہا گیا کہ وہ مذہبی رہنما اور روحانی زندگی کا خاتمہ کررہے ہیں۔

میری زندگی میں سکون نہیں ہے۔ میں موجودہ حالت سے دور جارہا ہوں۔ موجودگی زندگی (روحانیت) کے لیے میرے اندر ناپسندیدگی پیدا ہوگئی۔ امید کہ آپ تمام (عقیدتمند)، وجہ جانتے ہوں گے۔مہربانی کرکے میری تلاش کی کوشش نہ کیجئے۔ زعفرانی لباس اتارنے کے بعد میں دوبارہ کبھی اسے نہیں پہنوں گا۔

سوامی جی نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی نے مجھے تلاش کرنے کی کوئی بھی کوشش کی تو انہیں میری لاش ملے گی۔

موجودہ صورت حال پر ان کے عقیدتمند پولیس سے رجوع ہونے کے تعلق سے تذبذب میں مبتلا ہیں کیوں کہ اس مسئلہ سے مٹھ اور نئی شادی شدہ خاتون اور اس کے خاندان کی بدنامی ہوئی۔