کرناٹک

ٹیپو سلطان‘ کیمپے گوڑا کے سامنے کچھ بھی نہیں

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کرناٹک یونٹ کے صدر نلن کمار کٹیل نے چہارشنبہ کے دن یہ کہتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا کہ میسور کا حکمراں ٹیپوسلطان‘ بنگلورو شہر کے بانی ناداپربھو کیمپے گوڑا کے سامنے کچھ بھی نہیں ہے۔

دکشن کنڑا (کرناٹک): بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کرناٹک یونٹ کے صدر نلن کمار کٹیل نے چہارشنبہ کے دن یہ کہتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا کہ میسور کا حکمراں ٹیپوسلطان‘ بنگلورو شہر کے بانی ناداپربھو کیمپے گوڑا کے سامنے کچھ بھی نہیں ہے۔

وہ بنگلورو انٹرنیشنل ایرپورٹ کے احاطہ میں کیمپے گوڑا کے 108 فیٹ اونچے مجسمہ کے اطراف بننے والے پارک کے لئے مٹی اکٹھا کرنے کے خصوصی پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیپو‘ کیمپے گوڑا کے مقابلہ کچھ بھی نہیں ہے۔ بنگلورو ایرپورٹ کے نام کو جس وقت قطعیت دی جارہی تھی اس وقت کئی نام زیربحث آئے تھے۔

کئی لوگوں کا مطالبہ تھا کہ بنگلورو ایرپورٹ کو ٹیپو سلطان کا نام دیا جائے۔ ٹیپو سلطان‘ کیمپے گوڑا اور وڈیار راجاؤں کے سامنے کچھ بھی نہیں ہے جنہوں نے میسورو پر حکومت کی تھی۔

وڈیار‘ ٹیپو کے باپ حیدر علی کے قبضہ سے پہلے بھی میسورو کے راجہ تھے اور انگریزوں کے خلاف جنگ میں ٹیپو کی موت کے بعد بھی میسورو پر ان کی حکمرانی جاری رہی۔ نلن کمار کٹیل نے یہ بھی کہا کہ کیمپے گوڑا اور میسورو کے وڈیار کے درمیان عمدہ انتظامی تال میل تھا۔

بنگلورو اگر آج بین الاقومی شہر ہے تو یہ کیمپے گوڑا کی خدمات کا نتیجہ ہے۔ کیمپے گوڑا کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے ریاست کے مختلف علاقوں سے مٹی اکٹھا کی جارہی ہے۔ آدی چنچانگری مٹھ کے سوامی دھرم پال ناتھ نے کہا کہ عام آدمی کو حقیقی تاریخ بتانے کی ضرورت ہے۔

ہم لوگ مسخ شدہ تاریخ کو سچ مان لیتے ہیں۔ ملک کے لئے جنہوں نے حقیقت میں خدمات انجام دیں انہیں یاد رکھنا ہوگا۔ کرناٹک کے وزیر برقی و کلچر سنیل کمار نے کہا کہ بنگلورو شہر کی ابتدائی بنیاد کیمپے گوڑا نے رکھی تھی۔