کرناٹک

کامیڈین ویرداس کے خلاف ہندو گروپ کا احتجاج

دائیں بازوکی ہندوتنظیم”ہندوجن جاگرتی سمیتی“نے کامیڈین ویرداس کے خلاف کرناٹک پولیس میں شکایت درج کرائی ہے اوربنگلورومیں 10نومبرکومقرر ان کے کامیڈی شوکومنسوِخ کرنے کامطالبہ کیاہے۔

بنگلورو: دائیں بازوکی ہندوتنظیم”ہندوجن جاگرتی سمیتی“نے کامیڈین ویرداس کے خلاف کرناٹک پولیس میں شکایت درج کرائی ہے اوربنگلورومیں 10نومبرکومقرر ان کے کامیڈی شوکومنسوِخ کرنے کامطالبہ کیاہے۔

اس شکایت پربنگلورومیں ویالیکاول پولیس نے ہندوؤں کے مذہبی جذبات کومبینہ طورپرٹھیس پہونچانے پر داس کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

شکایت میں کہاگیاکہ اسٹینڈاپ کامیڈین کے شوسے ہندوؤں کے مذہبی جذبات کوٹھیس پہونچتی ہے اورہندوستان کودنیاکے سامنے خراب انداز میں پیش کیاجاتاہے۔

ریاستی ہندوجن جاگرتی سمیتی کے ترجمان موہن گوڑا نے اپنی شکایت میں کہاکہ پتہ چلاہے کہ متنازعہ کامیڈین ویر داس10۔ نومبرکوبنگلوروکے ملیشورم میں چوڑیامیموریل ہال میں ایک کامیڈی شو کرنے والے ہیں۔

قبل ازیں ویرداس نے واشنگٹن کے جان ایف کنیڈی سنٹر میں خواتین، ہمارے وزیراعظم اورہندوستان کے خلاف توہین آمیزبیانات دیئے ہیں اورملک کی توہین کی ہے۔اسٹینڈاپ کامیڈین نے کہاتھاکہ دن میں ہم خواتین کی پوجاکرتے ہیں اوررات میں ان کی عصمت ریزی کرتے ہیں۔

اس ضمن میں ممبئی پولیس اوردہلی پولیس نے ایک کیس درج کیا ہے۔تعزیرات ہند کے تحت یہ ایک سنگین جرم ہے۔ اس سیاق و سباق میں ایسے کسی متنازعہ شخص کوبنگلوروجیسے فرقہ وارانہ حساس شہرمیں پروگرام کی اجازت دینا درست نہیں۔

شکایت میں کہاگیاہے کہ جب کرناٹک میں فرقہ وارانہ واقعات کی وجہ سے پہلے ہی کئی مسائل کا سامنا ہے، ایسے پروگراموں سے نظم وضبط کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں لہذا ان کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس پروگرام کو فوری منسوخ کردیا جائے۔