کرناٹک

آر ایس ایس کے نظریہ اور حب الوطنی پر فخر ہے: بومئی

بی جے پی زیرقیادت کرناٹک حکومت کی جانب سے اتوار کو اخبارات میں شائع اشتہار میں مجاہدین آزادی کی فہرست میں سابق وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کو شامل نہ کیے جانے پر کانگریس نے سخت اعتراض ظاہر کیا تھا۔

بنگلورو: چیف منسٹر بومئی نے کہا کہ انہیں آر ایس ایس کے نظریہ پر فخر ہے اور وہ آر ایس ایس کی حب الوطنی کے آگے سر جھکاتے ہیں۔ بومئی نے کہا کہ وہ اور ان کی حکومت نہرو کا احترام کرتے ہیں ساتھ ہی انہوں نے کانگریس پر بی آر امبیڈکر اور لال بہادر شاستری جیسی ہستیوں کو فراموش کرنے کا الزام عائد کیا۔

 انہوں نے کہا کہ کل سرکاری اشتہار میں ہم نے کچھ مجاہدین آزادی کا تصویروں کے ساتھ ذکر کیا تھا جن کے بارے میں پہلے کوئی جانتا تک نہیں تھا۔ کسی نے اس کے بارے میں اچھا نہیں بولا بلکہ وہ (کانگریس) اس بات سے دکھی ہیں کہ ان کے ایک لیڈر کا نام شامل نہیں کیا گیا۔

“ملک کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر بی جے پی کے ایک پروگرام میں بومئی نے کہا کہ ہم انہیں اور ان کے کام کو بھولے نہیں ہیں۔ نہرو کے تئیں ہمارے دل میں احترام ہے بلکہ اشتہار میں ان کی ایک تصویر ہے۔“ انہوں نے کہا کہ کسی نے کہا کہ بومئی آر ایس ایس کا غلام بن گیا ہے، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ میں آر ایس ایس کے نظریہ اور اصولوں کے آگے سر جھکاتا ہوں۔

 میں ان نظریات اور اصولوں کے مطابق ملک کی تعمیر کرنے کے لیے پابند عہد ہوں اور مجھے اس پر فخر ہے۔“ واضح رہے کہ بی جے پی زیرقیادت کرناٹک حکومت کی جانب سے اتوار کو اخبارات میں شائع اشتہار میں مجاہدین آزادی کی فہرست میں سابق وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کو شامل نہ کیے جانے پر کانگریس نے سخت اعتراض ظاہر کیا تھا۔

 بومئی نے کہا کہ سبھاش چندر بوس، مہاتما گاندھی، لال بہادر شاستری، امبیڈکر جیسے کئی قائدین کے خاندان آج اصل دھارے کی سیاست میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ جن لوگوں کو جنگ آزادی سے سیاسی طور پر فائدہ ملا ہے انہیں خوشنودی کی سیاست جیسی خراب چیزوں کے بارے میں جواب دینا ہوگا۔ بومئی نے کہا کہ آزادی کے 76ویں سال کو آزادی کے گمنام ہیروز کے نام معنون کرنا چاہیے۔