بھارتسوشیل میڈیا

اروناچل میں ہند۔ چین فوجیوں میں جھڑپ

اروناچل پردیش میں حقیقی خط قبضہ پر گذشتہ ہفتہ ہند۔ چین افواج کے درمیان مختصرسی جھڑپ ہوئی جس کے بعد وہ علحدہ ہو گئے۔9 دسمبرکوہوئی جھڑپ میں دونوں طرف کے چند فوجی معمولی زخمی ہوئے۔

نئی دہلی: اروناچل پردیش میں حقیقی خط قبضہ پر گذشتہ ہفتہ ہند۔ چین افواج کے درمیان مختصرسی جھڑپ ہوئی جس کے بعد وہ علحدہ ہو گئے۔9 دسمبرکوہوئی جھڑپ میں دونوں طرف کے چند فوجی معمولی زخمی ہوئے۔

بعدازاں دونوں فریق نے اس علاقہ سے فوری دستبرداری اختیارکرلی۔ یہ تصادم اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹرمیں ہوا۔چینی فوجیوں نے حقیقی خط قبضہ عبورکیاتھا جس کا ہندوستانی فوجیوں نے مضبوط اورپر عزم انداز میں مقابلہ کیا۔

مشرقی لداخ میں ہند۔ چین افواج کے درمیان جھڑپوں کے بعد اس پہلی جھڑپ کی اطلاع ملی ہے۔ وادی گلوان میں جون 2020میں بدترین جھڑپیں ہوئی تھیں جب20 ہندوستانی فوجی ملک کیلئے شہید ہوگئے تھے اورزائد40 چینی فوجی ہلاک یازخمی ہوئے تھے۔

اس واقعہ کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سلسلہ وار تصادم ہوئے تھے جن میں پینگانگ جھیل کے جنوبی کنارہ پر ہونے والی جھڑپ بھی شامل ہے۔ فوجی کمانڈروں کے درمیان کئی مرتبہ ملاقات کے بعدہند۔ چین افواج نے لداخ میں کئی کلیدی مقامات بشمول گوگرا۔ ہاٹ اسپرنگس سے دستبرداری اختیارکی تھی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق2006 سے ایسی محاذ آرائیاں ہوتی رہی ہیں کیونکہ سرحد کے بارے میں مختلف تصورات ہیں۔

اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں خط قبضہ سے متصل علاقوں میں مختلف تصورات پائے جاتے ہیں جہاں دونوں فریق اس علاقہ میں اپنی اپنی مقررہ حدودمیں طلایہ گردی کرتے ہیں۔2006 سے یہی رجحان چلاآرہاہے۔9 دسمبر 2022 کوتوانگ سیکٹرمیں حقیقی خط قبضہ پر چینی فوج نے دراندازی کی جس کا ہندوستانی فوج نے مستحکم اور پر عزم انداز میں مقابلہ کیا۔ ذرائع نے یہ بات بتائی۔

اس واقعہ کے بعد اس علاقہ میں تعینات ہندوستانی کمانڈرنے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ فلیگ میٹنگ منعقد کی تاکہ امن وامان کی بحالی کیلئے طے شدہ میکانزم پر عمل کیاجاسکے۔یو این آئی کے بموجب ہندوستان اور چین کے فوجیوں کے درمیان گلوان وادی میں تقریباً ڈھائی سال پہلے پرتشدد جھڑپ کے بعد گزشتہ جمعہ کو اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں پھر سے جھڑپ ہوئی ہے جس میں دونوں طرف کے کچھ فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔

فوجی ذرائع کے مطابق چین کے فوجیوں نے توانگ سیکٹر میں ہندوستان کی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس پر ہندوستانی فوجیوں نے مضبوطی کے ساتھ سخت مزاحمت کرتے ہوئے انہیں روک دیا۔ اس دوران دونوں فریقوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی جس میں دونوں طرف کے کچھ فوجی زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق فوجیوں کو معمولی چوٹ آئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جھڑپ کے بعد دونوں ممالک کی فوجیں اس علاقے سے پیچھے ہٹ گئیں۔ اس واقعے کے تناظر میں توانگ سیکٹر میں تعینات ہندوستانی کمانڈر نے امن اور دوستی کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے مقررہ انتظامات کے مطابق اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ فلیگ میٹنگ کی۔