کرناٹک

کرناٹک میں یکساں سیول کوڈ پر سنجیدگی سے غور

کرناٹک کے چیف منسٹر بسواراج بومئی نے ہفتہ کے دن کہا کہ ان کی حکومت ریاست میں یکساں سیول کوڈ (یوسی سی) لاگوکرنے پر سنجیدگی سے غورکررہی ہے۔

بنگلورو/شیواموگہ: کرناٹک کے چیف منسٹر بسواراج بومئی نے ہفتہ کے دن کہا کہ ان کی حکومت ریاست میں یکساں سیول کوڈ (یوسی سی) لاگوکرنے پر سنجیدگی سے غورکررہی ہے۔

یومِ دستور کے موقع پر ریاستی دارالحکومت میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ حکومت بڑی سنجیدگی سے غورکررہی ہے کہ یو سی سی لاگوکردیاجائے کیونکہ یہ قومی سطح پر بی جے پی کے اصل منشور کا حصہ ہے۔

بومئی کے بموجب ریاستی حکومت مختلف ریاستوں میں یو سی سی لاگوکرنے کیلئے بنی کمیٹیوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ جمعہ کے دن شیواموگہ میں بی جے پی ورکرس سے خطاب میں چیف منسٹر نے کہاتھا کہ دستور کی تمہید میں مساوات اور بھائی چارہ کی بات کہی گئی ہے۔

یو سی سی لاگو کرنے کا عہد دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم دین دیال اپادھیائے کے دور سے یو سی سی لاگوکرنے کی باتیں کرتے آئے ہیں۔ ملک میں اور ریاستی سطح پر سنجیدگی سے غورہورہا ہے۔ اسے صحیح وقت آنے پر لاگوکرنے کا ارادہ ہے۔

تبدیلی مذہب کے خلاف قانون پر بومئی نے کہا کہ بہت سے لوگ اسے غیردستوری کہتے ہیں لیکن سپریم کورٹ نے کہہ دیاہے کہ جبری تبدیلی مذہب جرم ہے۔ ریاست میں مندروں کی دیکھ ریکھ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کا ماننا ہے کہ بھکتوں کو مندروں کا انتظام چلاناچاہئیے۔