کرناٹک

طوفان منڈوس کا اثر: بنگلورو میں ‘یلو الرٹ’ جاری، ٹاملناڈو میں 4ہلاک

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج بنگلورو سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں 'یلو الرٹ' جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق بنگلورو میں ہفتہ کی شام 12 ملی میٹر بارش ہوئی۔

بنگلورو/چنئی: گردابی طوفان ‘منڈوس’ کی وجہ سے اتوار کو راجدھانی بنگلورو سمیت چامراج نگر، چکبالا پور، چکمگلورو، ہاسن، کوڈاگو، کولار اور میسورو اضلاع میں ‘یلو الرٹ’ جاری کیا گیا ہے۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے تمل ناڈو میں اب تک چار لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج بنگلورو سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں ‘یلو الرٹ’ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق بنگلورو میں ہفتہ کی شام 12 ملی میٹر بارش ہوئی۔ جنوبی اندرونی کرناٹک اور ساحلی اور شمالی اندرونی کرناٹک کے کچھ الگ تھلگ مقامات پر بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

بنگلورو میں گردابی طوفان ’منڈس‘ کے زیر اثر ہفتہ کو بارش ہوئی۔ داونگیرے میں درجہ حرارت 13.3 ڈگری سیلسیس اور بنگلورو میں 16.8 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔

آئی ایم ڈی نے اشارہ کیا کہ بنگلورو میں 12 دسمبر تک مختلف مقامات پر بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ بعض اوقات سطحی ہوائیں تیز ہوں گی اور درجہ حرارت مزید گرنے کی توقع ہے۔

گردابی طوفان ’منڈس‘ نے مملا پورم کے قریب ساحل کو عبور کیا اور اب گہرے دباؤ سے کمزور ہوگیا ہے۔ جس کی وجہ سے شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں پر بھی اثر پڑا۔

گردابی طوفان منڈس نے ٹاملناڈو اور چنئی کے کئی حصوں میں تباہی مچا دی ہے۔ دونوں ریاستوں میں کئی مکانات اور دیواروں کو نقصان پہنچا اور گر گئے اور درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔

تمل ناڈو حکومت نے پوری ریاست میں بارش سے متعلقہ واقعات میں چار اموات اور تقریباً 180 مکانات کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔ دکانوں اور دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔