مہاراشٹرا

ادھو ٹھاکرے کے بھتیجے کی ایکناتھ شنڈے سے ملاقات

شنڈے، شیو سینا کے باغی لیڈر ہیں اور ادھو ٹھاکرے کے والد و پارٹی کے بانی بال ٹھاکرے کی وراثت کا دعویٰ کررہے ہیں۔ نہار ٹھاکرے کے والد بندو مادھو ٹھاکرے جو 1996ء میں ایک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے تھے۔

ممبئی: چیف منسٹر کے عہدہ سے ہٹنے کے بعد شیو سینا پر اپنی گرفت مضبوط رکھنے کی جدوجہد کے دوران اُدھو ٹھاکرے کو ایک اور سیاسی دھکا پہنچا۔ ان کے بھتیجے نہار ٹھاکرے نے چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے سے ملاقات کی اور ان کی تائید کرنے کا اعلان کیا۔

شنڈے، شیو سینا کے باغی لیڈر ہیں اور ادھو ٹھاکرے کے والد و پارٹی کے بانی بال ٹھاکرے کی وراثت کا دعویٰ کررہے ہیں۔ نہار ٹھاکرے کے والد بندو مادھو ٹھاکرے جو 1996ء میں ایک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے تھے، بال ٹھاکرے کے تینوں لڑکوں میں سب سے بڑے تھے۔ دیگر دو بھائیوں میں جئے دیو ٹھاکرے اور ادھو ٹھاکرے شامل ہیں۔

وہ ایک فلم پروڈیوسر تھے اور سیاست میں سرگرم نہیں تھے۔ اب ان کے لڑکے کی ایکناتھ شنڈے سے ملاقات کو محض ایک علامتی اقدام کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ جئے دیو ٹھاکرے کی مطلقہ بیوی سمیتا ٹھاکرے نے بھی حال ہی میں چیف منسٹر شنڈے سے ملاقات کی تھی۔ ٹھاکرے خاندان کے ارکان سیاسی اور کسی حد تک شخصی طور پر زیادہ قریب نہیں رہے ہیں۔

 2012ء میں بال ٹھاکرے کی موت کے بعد ان کی وصیت پر بھی تنازعات رہے تھے۔ پیشہ سے وکیل نہار ٹھاکرے نے بی جے پی لیڈر ہرش وردھن پاٹل کی دختر سے شادی کی تھی۔ ہرش وردھن پاٹل سابق کانگریس قائد ہیں، جو کئی برسوں تک وزیر رہے تھے۔

جاریہ ہفتہ کے اوائل میں ادھو ٹھاکرے نے ایکناتھ شنڈے پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اس وقت ان پر وار کیا جب وہ بیما رتھے اور ہاسپٹل میں تھے اور بمشکل جنبش کرسکتے تھے۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے ترجمان اخبار ”سامنا“ کو انٹرویو دیتے ہوئے باغیوں کا تقابل کسی درخت کے مرجھائے ہوئے پتوں سے کیا تھا، جنہیں نئے پتوں کے لیے جگہ بنانے جھڑانا پڑتا ہے۔