مہاراشٹرا

احمدنگر کا نام ”اہلیادیوی نگر“ رکھنے کا منصوبہ

حکومت مہاراشٹرا نے ضلع انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ احمدنگر کا نام تبدیل کرتے ہوئے ”پنیااشلوک اہلیا دیوی نگر رکھنے کی تجویز داخل کرے۔

ناگپور: حکومت مہاراشٹرا نے ضلع انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ احمدنگر کا نام تبدیل کرتے ہوئے ”پنیااشلوک اہلیا دیوی نگر رکھنے کی تجویز داخل کرے۔

قانون ساز کونسل کو آج ناگپور میں یہ بات بتائی گئی۔ وزیر تعلیم دیپک کیسرکر نے وقفہ سوالات کے دوران اپنے ایک جواب میں یہ بات بتائی۔

تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ حکومت مرکزی مہاراشٹرا کے شہر احمد نگر کا نام تبدیل کرنا چاہتی ہے یا پھر ضلع کا نام تبدیل کرنا چاہتی ہے جس کا یہ ہیڈکوارٹر ہے یا پھر دونوں کا نام تبدیل کرناچاہتی ہے۔ احمدنگر کا نام 15 ویں صدی کے حکمراں احمد نظام شاہ اول سے لیا گیا ہے۔

کیسر کر نے بتایا کہ یہ ہدایات 7 ستمبر کو ضلع احمد نگر کے ڈسٹرکٹ کلکٹر کو جاری کی گئی تھی اس کے علاوہ متعلقہ ڈیویژنل کمشنر کو یہ ہدایات دی گئی تھی۔

حکومت نے احمد نگر میونسپل کارپوریشن، ڈیویژنل ریلوے مینجر، سینئر پوسٹ ماسٹر اور تحصلیدار کو ایسی تجاویز روانہ کرنے کیلئے خط لکھا ہے۔