مہاراشٹرا

ممبئی ایرپورٹ پر 5کروڑ کا سونا ضبط‘ 6 سوڈانی شہری گرفتار

سوڈان کے چھ شہریو ں کو یہاں انٹرنیشنل ایرپورٹ پر پہنچنے پر12کلوسونے کی اسمگلنگ کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔ مذکورہ سونے کی قیمت تقریباً5.4کروڑ روپئے ہے۔

ممبئی: سوڈان کے چھ شہریو ں کو یہاں انٹرنیشنل ایرپورٹ پر پہنچنے پر12کلوسونے کی اسمگلنگ کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔ مذکورہ سونے کی قیمت تقریباً5.4کروڑ روپئے ہے۔

یہ اطلاع ایک عہدیدار نے دی۔ ایک عدالت نے اس کیس میں چھ سوڈانی شہریوں کو 14دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔

عہدیدار نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر منو دیو جین کی قیادت میں ممبئی کسٹم محکمہ کی ایرانٹلی جنس یونٹ (اے آئی یو) نے ہفتہ کو چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایرپورٹ پر دبئی سے پہنچے سوڈانی مسافرین کے ایک گروپ سے سونا ضبط کیا۔

انہوں نے کہا کہ ”ملزم جمع ہوئے اور اے آئی یو عہدیداروں کی توجہ ہٹانے کے لیے ہنگامہ کرنے لگے تا کہ وہ اسمگلنگ والے سونے کو وہاں سے نکال سکیں۔ حالانکہ ایک مشترکہ مہم میں عہدیداروں نے ایک ایک کلوگرام کی سونے کی 12چھڑیاں برآمد کیں جنہیں سوڈانی مسافرین میں سے ایک نے خاص طور پر ڈیزائن کردہ بیلٹ میں چھپایا تھا۔“

عہدیدار نے کہا کہ جس سوڈانی شہری نے سونا چھپا رکھا تھا اسے اور ہنگامہ کررہے پانچ دیگر سوڈانی شہریو ں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی عمل کی مسلسل مخالفت کرکے ہنگامہ کرنے والے چھ سوڈانی مسافرین کو ان کے اپنے ملک بھیج دیا گیا اور ہندوستان میں داخلے پر مستقل امتناع عائد کردیا گیا۔ عہدیدار نے کہا کہ گرفتار کردہ چھ ملزمین پر کسٹم قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔