انٹرٹینمنٹ

بیمار کامیڈین راجو سریواستو کا انتقال

راجو شریواستو کو خرابی صحت کی وجہ سے 10 اگست کو ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسپتال میں کافی وقت تک ان کی حالت تشویشناک رہی اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھنا پڑا۔ انہوں نے تقریباً 40 دن تک بیماری سے لڑنے کے بعد آج آخری سانس لی۔

نئی دہلی: گزشتہ ایک ماہ سے بھی زیادہ وقت سے بیمارمعروف کامیڈین راجو شریواستوکا چہارشنبہ کو یہاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 58 سال تھی۔

پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔

راجو شریواستو کو خرابی صحت کی وجہ سے 10 اگست کو ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسپتال میں کافی وقت تک ان کی حالت تشویشناک رہی اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھنا پڑا۔ انہوں نے تقریباً 40 دن تک بیماری سے لڑنے کے بعد آج آخری سانس لی۔

راجو شریواستو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے وابستہ تھے اور پارٹی لیڈروں سے ملنے یہاں آئے تھے۔ اس کے بعد اچانک ان کی طبیعت یہیں بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں ایمس میں داخل کرایا گیا۔

اسی دوران وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے معروف کامیڈین راجو شریواستو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ٹویٹ پیغام میں، راجناتھ سنگھ نے کہا، ’’میں معروف کامیڈین راجو شریواستو جی کے انتقال سے بہت غمزدہ ہوں۔ وہ ایک ماہر فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ بہت زندہ دل انسان بھی تھے۔ وہ سماجی میدان میں بھی بہت سرگرم تھے۔ ان کے سوگوار خاندان اور مداحوں سے میری تعزیت۔‘‘

اپنے پیغام میں امیت شاہ نے کہا، ’’معروف کامیڈین راجو شریواستو جی کا منفرد انداز تھا، انہوں نے اپنی حیرت انگیز صلاحیتوں سے سب کو متاثر کیا۔ ان کا انتقال فن کی دنیا کا بہت بڑا نقصان ہے۔ میں ان کے اہل خانہ اور مداحوں سے تعزیت کرتا ہوں۔ خدا ان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔‘‘