مہاراشٹرا

سنجے راوت کو لارنس بشنوئی گینگ کے نام سے دھمکی

شیوسینا (یو بی ٹی) رکن پارلیمنٹ اور ترجمان ِ اعلیٰ سنجے راوت کو لارنس بشنوئی گینگ کے نام سے مبینہ دھمکی ملی ہے۔

ممبئی: شیوسینا (یو بی ٹی) رکن پارلیمنٹ اور ترجمان ِ اعلیٰ سنجے راوت کو لارنس بشنوئی گینگ کے نام سے مبینہ دھمکی ملی ہے۔

پارٹی عہدیداروں کے بموجب سنجے راوت کے موبائل فون پر جمعہ کی رات واٹس ایپ میسیج آیا جس میں خبردار کیاگیا کہ سنجے راوت دہلی میں جب بھی دکھائی دیں گے انہیں اے کے 47 رائفل سے گولی ماردی جائے گی۔

سنجے راوت نے فوری کمشنر ممبئی پولیس کو اس کی جانکاری دے دی۔ تحقیقات جاری ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کو لکھا تھاکہ ان کی جان خطرہ میں ہے۔

ہفتہ کے دن سینا(یو بی ٹی) قائد اپوزیشن (کونسل) امباداس دانوے نے کہا کہ موجودہ ریاست حکومت نے سنجے راوت کی سیکوریٹی ہٹادی۔

انہوں نے کہا کہ دھمکیوں کو سنجیدگی سے لینا چاہئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان کو حال میں لارنس بشنوئی گینگ سے دھمکی مل چکی ہے۔ ممبئی پولیس باندرہ میں سلمان خان کے اپارٹمنٹ کے اطراف سیکوریٹی سخت کرچکی ہے۔