مہاراشٹرا

زکواۃ سینٹر انڈیا کی شاخ ناندیڑ کا آغاز، اجتماعی زکواۃ کا نظام قائم کرنے کی کوشش

ایسی ہی ایک برانچ ناندیڑ میں قائم کی گئی ہے۔ زکواۃ سینٹر انڈیا ناندیڑ یونٹ کو چلانے کے لئے 17 رکنی ورکنگ کمیٹی بنائی گئی ہے۔ اس کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے جاوید لطف اللہ کا تقرر عمل میں آیا ہے۔

ناندیڑ: زکواۃ کا اجتماعی نظام قائم کرنے کیلئے ایک شاندار پہل کی گئی ہے۔ اس کے لئے زکواۃ سینٹر انڈیا کے نام سے باضابطہ ایک ادارہ بنایا گیا ہے۔ دہلی سے رجسٹرڈ اس ادارے کی ملک کے مختلف شہروں میں شاخیں قائم کی جارہی ہیں۔

ایسی ہی ایک برانچ ناندیڑ میں قائم کی گئی ہے۔ زکواۃ سینٹر انڈیا ناندیڑ یونٹ کو چلانے کے لئے 17 رکنی ورکنگ کمیٹی بنائی گئی ہے۔ اس کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے جاوید لطف اللہ کا تقرر عمل میں آیا ہے۔

نائب صدر کے طورپر مولانا آصف ندوی، سیکریٹری ابرار دیشمکھ، خازن کی حیثیت سے محمد اکرام الدین اور دیگر افراد کو کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے۔ زکواۃ سینٹر انڈیا ناندیڑ یونٹ کی ورکنگ کمیٹی کی تشکیل عمل میں آنے کے بعداس ادارے کے قیام کے اغراض و مقاصد کے بارے میں شہر کی معزز شخصیات کو معلومات دینے کیلئے راجا پیلس بینکویٹ ہال میں ایک تعارفی نشست کا انعقاد عمل میں آیا۔

اس نشست کی صدارت زکواۃ سینٹر انڈیا کے نیشنل سیکریٹری عبدالجبار صدیقی نے جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر بدالع الدین صاحب نے شرکت کی۔ تعارفی نشست کی ابتداء تذکیر بالقرآن سے کی گئی جس کے تحت مولانا آصف ندوی نے سورہ بقراء کی ابتدائی چند آیات کی تلاوت اور ترجمہ کے حوالے سے اسلام میں نماز، روزہ، زکواۃ اور حج کی اہمیت کوواضح کیا۔

خاص طورپر زکواۃ کے اجتماعی نظام کے اثرات کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی۔ زکواۃ سینٹر انڈیا ناندیڑ یونٹ کے سیکریٹری ابرار دیشمکھ نے اس ادارے کی کارکردگی اور دائرہ کار کے بارے میں معلومات دیں۔

مسلمانوں میں زکواۃ کے ذریعہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، بے سہارا اور مجبور لوگوں کو ماہانہ وظیفہ جاری کرنا، غریب طبقہ کے ذہین اور باصلاحیت طلبہ کو اعلی تعلیم کے حصول کے لئے اسکالرشپ فراہم کرنا، بے روزگار نوجوانوں کو روزگار سے وابستہ کرنے کیلئے مختلف ٹریننگ پروگرام چلانا اور اسی طرح اس ادارہ کے انتظامی امور کی انجام دہی کے لئے اخراجات کا انتظام کرنا۔

اس طرح کے کام زکواۃ سینر انڈیا کی جانب سے کئے جائیں گے۔ محمد اکرام الدین نے زکواۃ سینٹر انڈیا ناندیڑ کی نو تشکیل شدہ ورکنگ کمیٹی کا تعارف کروایا اور آخر میں زکواۃ سینٹر انڈیا کے قومی سیکریٹری عبدالجبار صدیقی نے زکواۃ سینٹر انڈیا کے قیام کے اغراض و مقاصد تفصیلی اندا ز میں سمجھانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعی طورپر زکواۃ جمع کرنا اور حقیقی مستحقین پر منصوبہ بند انداز میں خرچ کرنا یہ اسلامی تعلیمات کا حصہ ہے لیکن اب تک اس معاملے میں کوئی باضابطہ ادارہ نہ ہونے سے یہ کام کرنا مشکل ہوگیا تھا۔

اس کمی کو دور کرنے کے لئے زکواۃ سینٹر انڈیا کا قیام عمل میں آیا ہے۔ جس شہر سے زکواۃ جمع کی جائے گی، اسی شہر کے مستحقین میں اس کا مصرف ہوگا۔ اس ادارہ میں کسی ایک جماعت، مسلک یا پھر کسی مکتب فکر کے لوگ ہی نہیں بلکہ امت کے سبھی افراد کو شامل کیا جائے گا۔ سب کی مدد سے اور سب کے لئے کام کرنے کا عزم کیا گیا ہے۔

پروگرام کی نظامت زکواۃ سینٹر انڈیا ناندیڑ یونٹ کے ممبر ایڈوکیٹ احمد میمن نے نہایت کامیاب انداز میں کی۔