مہاراشٹرا

مہاراشٹرا: لاتور شہر میں زیر زمین پراسرار آوازیں، عوام میں دہشت

رپورٹ میں کہا گیا کہ وویکانند چوک کے قریب چہارشنبہ کو صبح 10.30 سے 10.45 کے درمیان زیرزمین پراسرار آوازیں سنی گئیں۔

لاتور: ایک ایسے وقت جبکہ ترکی اور شام میں زبردست زلزلوں سے بڑی تباہی آئی ہے، چہارشنبہ کو مہاراشٹر کے لاتور شہر میں مبینہ طور پر زیر زمین پراسرار آوازیں سنی گئیں جس کے بعد مقامی لوگوں میں دہشت پھیل گئی۔

متعلقہ خبریں
مشرقی انڈونیشیا میں 6.4 شدت کا زلزلہ
راج ٹھاکرے کی تصویر پر مہاراشٹر میں نیا تنازعہ
مہاراشٹرا میں دستانے بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی، 13 مزدور ہلاک
چار سالہ لڑکی کو مسلسل اذیت دینے پر باپ اور 2 چاچاؤں کے خلاف کیس درج
عزیزوں کی توہم پرستی سے مریض کی حالت بگڑی (توہم پرستی کا ایک ویڈیو)

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے رپورٹ کیا کہ پراسرار آوازوں نے زلزلے کی افواہوں کو جنم دیا جس کے بعد مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ وویکانند چوک کے قریب چہارشنبہ کو صبح 10.30 سے 10.45 کے درمیان زیرزمین پراسرار آوازیں سنی گئیں۔

حکام نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو تاہم بتایا کہ زلزلے کی کسی سرگرمی کی اطلاع نہیں ہے۔ کچھ لوگوں نے جب مقامی انتظامیہ کو آگاہ کیا تو ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ حرکت میں آیا اور پتہ لگایا کہ کوئی زلزلہ تو ریکارڈ نہیں ہوا ہے؟

ڈیزاسٹر منیجمنٹ حکام نے لاتور شہر میں زلزلے کی پیمائش کرنے والے مرکز سے ربط پیدا کیا تو معلوم ہوا ہے کہ ریختر پیمانے پر زلزلے کی کوئی سرگرمی ریکارڈ نہیں ہوئی ہے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر ثاقب عثمانی نے بتایا کہ مراٹھواڑہ کے علاقے میں وقتاً فوقتاً کچھ آوازیں سنائی دیتی رہی ہیں۔

ایک اور عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس سال 4 فروری کو اسی طرح کی آوازیں ضلع کی تحصیل نیلنگا کے نیتور-ڈانگے واڑی علاقے میں سنی گئیں۔ گزشتہ سال ستمبر میں بھی لاتور ضلع کے ہسوری، کلاری اور آس پاس کے علاقوں میں اس طرح کی آوازیں تین بار سنی گئیں۔

واضح رہے کہ1993 میں ضلع کے کلاری گاؤں اور آس پاس کے علاقوں میں ایک خطرناک زلزلے میں تقریباً 10 ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ6  فروری کی صبح ترکی اور شام میں 7.8 شدت کے پے درپے زلزلوں کی وجہ سے تاحال 41 ہزار سے زائد اموات کی اطلاع مل چکی ہے جبکہ زلزلے سے متاثرہ دونوں ممالک میں لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔