تلنگانہ

تلنگانہ کو فروخت کیلئے ٹی آ رایس کو کامیابی کا ایک اور موقع چاہئے : شرمیلا کا طنز

صدر وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی وائی ایس شرمیلا نے کہا کہ ٹی آر ایس کو ایک اور کامیابی کا موقع کے سی آر کو تلنگانہ فروخت کرنے کیلئے فراہم کرنا ہے۔

حیدرآباد: صدر وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی وائی ایس شرمیلا نے کہا کہ ٹی آر ایس کو ایک اور کامیابی کا موقع کے سی آر کو تلنگانہ فروخت کرنے کیلئے فراہم کرنا ہے۔

آج ضلع نرمل کے لکشمن چاندا منڈل میں روڈشو سے خطاب کرتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ کے سی آر کو عوام سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ وہ ہمیشہ صرف اپنے اور افراد خاندان کے متعلق ہی سونچتے ہیں۔

تشکیل تلنگانہ کے بعد ریاست کے عوام کو کچھ حاصل نہیں ہوا۔ سارے ثمرات کے سی آر کے فرزند، دختر اور بھانجوں تک محدود رہے ہیں۔ شرمیلا نے کہا کہ کے سی آر، ریاست پر حکومت کرنے کے اہل نہیں ہیں۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں کے سی آر جیسا نااہل چیف منسٹر نہیں ہے۔

کے سی آر نے ریاست میں شعبہ زراعت کو تباہ کردیا۔ گذشتہ آٹھ سالوں کے دوران آٹھ ہزار کسانوں نے خودکشی کی۔ اگر کسان خوشحال اور دولت مندہیں تو پھر خودکشی کیوں کررہے ہیں۔

وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے صدر نے مزید کہا کہ کے سی آر لمبی عمر چاہتے ہیں مگر کسانوں کو جلد مرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ سنہری تلنگانہ کے بجائے خودکش ریاست بنانے میں کامیاب ہیں۔اس پر اکتفاء کرنے کے بجائے اپنے خطرناک ایجنڈے کو بی آر ایس کے نام پر ملک بھر میں عمل کرانا چاہتے ہیں۔