مہاراشٹرا

ٹی آر پی اسکام‘ 16چیانلوں کے خلاف کیس

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی چارج شیٹ اسسٹنٹ ڈائرکٹر پون کمارکی جانب سے 26 ستمبر کو ممبئی کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں داخل کی گئی اور کارروائی شروع کرنے کی گزارش کی گئی تاکہ ملزمین کی جائیدادوں کو عبوری طورپر قرق کیا جاسکے۔

ممبئی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے ارنب گوسوامی کی ملکیت ریپبلک بھارت انگریزی اور ہندی نیوز چیانلوں کو عملاً بری کردیا ہے لیکن ایجنسی نے 2 سال قبل ابھرنے والے ٹی آر پی اسکام کے سلسلہ میں مبینہ منی لانڈرنگ پر دیگر 16 خانگی نیوز چیانلوں اور ایک مارکٹ ریسرچ گروپ کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں۔

 انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی چارج شیٹ اسسٹنٹ ڈائرکٹر پون کمارکی جانب سے 26  ستمبر کو ممبئی کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں داخل کی گئی اور کارروائی شروع کرنے کی گزارش کی گئی تاکہ ملزمین کی جائیدادوں کو عبوری طورپر قرق کیا جاسکے۔

 انسداد ِ منی لانڈرنگ قانون کے مطابق یہ جائیدادیں جرائم سے حاصل ہونے والی رقم سے خریدی گئی ہیں۔ ملزمین میں ”فقط مراٹھی“ چیانل کے مالکین شریش وی پٹھان شیٹی اور منیش آر سنگھ‘ ان کی کمپنی لوٹس انٹرپرائزس‘ ”باکس سنیما“ نیوز چیانل کے مالک نارائن شرما اور ان کی کمپنی باکس سنیما میڈیا پرائیوٹ لمیٹڈ‘ وشواجیت او شرما اور درشن بی سنگھ دونوں مالکین ”مہا مووی چیانل“ اور ان کی کمپنی ٹیلی وَن کنزیومرس کے علاوہ سانچ میڈیا کے بوم پلی راؤ مستری‘ اومیش سی مشرا‘ وشال وی بھنڈاری‘ دنیش وشواکرما‘ وکاس برنگ والے  اور دیگر شامل ہیں۔ (تمام سابق ملازمین ہنسا ریسرچ گروپ)۔

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے خصوصی عدالت سے گزارش کی ہے جو اس معاملہ کا نوٹ لے اور ملزمین کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کرے تاکہ ان کی منقولہ و  غیرمنقولہ جائیدادوں کو قرق اور ان کے پاسپورٹ ضبط کئے جاسکیں۔ گوسوامی اور اس کے نیوز چیانلوں کو کلین چٹ دیتے ہوئے ای ڈی نے پی ایم ایل اے قانون کے تحت اپنی تحقیقات کو تغیر پذیر بتایا۔

 ابتدا میں ممبئی پولیس نے تحقیقات کی تھیں اور ملزمین یا گواہوں کے بیانات سے کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا تھا۔ ای ڈی نے کہا کہ براڈکاسٹ آڈینس ریسرچ کونسل (بی اے آر سی) کی جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمار ڈیجیٹل ثبوت کے تجزیہ سے بھی کوئی ثبوت ہاتھ نہیں لگا تھا۔