تلنگانہ

آئی ٹی سیکٹر، نوکریوں کی تخلیق میں حیدرآباد کو بنگلورو پر سبقت

ریاستی وزیر کے ٹی راماراؤ نے پیر کے روزدعویٰ کیا کہ گزشتہ سال آئی ٹی شعبہ میں نوکریوں کی تخلیق میں حیدرآباد نے بنگلور و شہر کو شکست دے دی۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر کے ٹی راماراؤ نے پیر کے روزدعویٰ کیا کہ گزشتہ سال آئی ٹی شعبہ میں نوکریوں کی تخلیق میں حیدرآباد نے بنگلور و شہر کو شکست دے دی۔

متعلقہ خبریں
ماہ صیام کا آغاز، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان
پہلی بار لوک سبھا الیکشن میں کے سی آر خاندان کا ایک فرد بھی نہیں
حیدر آباد کو بھاگیہ نگر بنانے بی جے پی امیدوار مادھوی لتا کی مہم
رضا احمد خان کوجواہر لال نہرو یونیورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی ڈگری
حکومت ایل آر ایس پر مفت عمل آوری کویقینی بنانے: کے ٹی آر

گزشتہ سال ملک بھرمیں آئی ٹی سیکٹرمیں جملہ 4.50 لاکھ ملازمتیں پیدا کی گئیں جن میں بنگلورومیں 1.46 لاکھ ملازمتیں فراہم کی گئیں جبکہ شہر حیدرآباد نے آئی ٹی شعبہ میں 1.50 لاکھ نوکریاں تخلیق کی تھیں اس طرح متذکردہ شعبہ میں ملازمتوں کی فراہمی میں حیدرآباد نے بنگلورو شہر پر سبقت حاصل کرلی۔

حیدرآباد سافٹ ویئر انٹر پرائزسس اسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ آئی ٹی صنعت کے قائدین کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے یہ بات کہی۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ مسلسل 8سہ ماہیوں سے آفس اسپیس آبزایشن (دفاتر کی جگہ کی گنجائش کی فراہمی کیلئے)میں حیدرآباد نے بنگلوروکو شکست دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ قابل فخربات یہ ہے کہ ملک بھر میں آئی ٹی سیکٹر کے 5 ملین ملازمین میں ایک ملین ایمپلائز کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں گزشتہ 8 برسوں کے دوران انفارمیشن ٹکنالوجی سیکٹر کے ملازمین کی تعداد 3.23 لاکھ سے بڑھ کر اب 8.7 لاکھ ہوگئی ہے اور آئی ٹی اکسپورٹس 57 ہزار کروڑروپے سے بڑھ کر 1.83 لاکھ کروڑ روپے ہوگئے۔ حیدرآبادپر نظررکھنے والے دیکھ سکتے ہیں کہ یہاں ملازمین اور آجرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔

وہ سنجیدگی سے یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ابھی تو یہ آغاز ہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ آنے والے برسوں میں پورے ہندوستان میں 2ملین نوکریاں تخلیق کی جانے کی توقع ہے۔ انہوں نے انڈسٹری لیڈروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کاروبار کو حیدرآباد سے آگے بھی وسعت دینے پر غور کریں اوراپنے کاروبار کو ریاست کے ٹائیر II(دوسرے درجہ) کے شہروں تک وسعت دیں۔

اس سلسلہ میں انفورسس اور ٹی سی ایس جیسی آئی ٹی کی بڑی کمپنیوں کے لئے مواقع زیادہ ہیں۔ حکومت نے پہلے ہی کھمم اور کریم نگر میں آئی ٹی ہبس کومتعارف کرایا ہے جبکہ نظام آباد آئی ٹی ہب کا افتتاح آئندہ ماہ عمل میں آئے گا جس کے بعد محبوب نگر اور نلگنڈہ کے آئی ٹی ہبس بھی کارکرد ہوجائیں گے۔

انہوں نے انڈسٹری قائدین کو بتایا کہ تلنگانہ اکیڈیمی آف اسکلس اینڈ نالج نے اب تک7لاکھ نوجوانوں کوتربیت فراہم کی ہے۔گزشتہ 8برسوں کے دوران نہ صرف آئی ٹی سیکٹر بلکہ لائف سائنسس‘ ایرواسپیس اور ڈیفنس میں نوجوانوں میں مہارتوں کو فروغ دیا گیا ہے۔

اس سلسلہ میں حکومت نے سائبر آباد سیکوریٹی کونسل بھی قائم کی ہے۔ اس موقع پرپرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن‘سائبرآباد پولیس کمشنراسٹیفن رویندر‘حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند‘راچہ کنڈہ کمشنر ڈی ایس چوہان‘حیدرآباد میٹروریل لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی اور دیگر موجود تھے۔