تلنگانہ

بارش وسیلاب سے جانی ومالی نقصانات کو روکنے چیف منسٹر کی ہدایت

چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤنے ریاستی وزراء اور ایم ایل ایز کوہدایت دی کہ وہ ریاست میں شدید بارش اورسیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات کو روکنے کے لئے ممکنہ اقدامات کریں۔

حیدرآباد: چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤنے ریاستی وزراء اور ایم ایل ایز کوہدایت دی کہ وہ ریاست میں شدید بارش اورسیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات کو روکنے کے لئے ممکنہ اقدامات کریں۔

پیر کے روز یہاں پرگتی بھون میں شہر میں موجودوزراء‘ ایم ایل ایز کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں سے ریاست میں مسلسل بارش سے پیداصورتحال کا جائزہ لیا۔

اس جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ارکان اسمبلی اور وزراء سے متعلقہ اضلاع میں بارش‘گوداوری اور اس کی معاون ندیوں میں طغیانی کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے کہاکہ عہدیداروں کو فوری طورپر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ چیف منسٹرنے واضح کردیا کہ حکومت‘کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے اورحکومت نے نشیبی علاقوں سے عوام کومحفوظ مقامات منتقل کرنے کاحکم دیا ہے۔

چیف منسٹرنے عہدیداروں کوہدایت دی کہ تالابوں‘کنٹوں اورمختلف ذخائر آب پر قریبی نظررکھیں۔ان ذخائر آب میں پانی کے بہاؤ کا بروقت جائزہ لیں۔

اس اجلاس میں وزیر آر اینڈبی ویمولاپرشانت ریڈی‘ رکن راجیہ سبھا دامودھرراؤ‘ایم ایل سی کڈیم سری ہری‘ ایم ایل اے داناناگیندر‘چیف سکریٹری سومیش کمار‘مشیر برائے چیف منسٹرراجیوشرما اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔