تلنگانہ

ریاست میں بی جے پی کو مستحکم ہونے کا موقع نہ دیں: کے سی آر

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بتایا جاتا ہے کہ حکمراں جماعت کے قائدین اور کارکنوں کو اس بات کی ہدایت ہے کہ وہ بی جے پی کو ریاست میں اپنی بنیادوں کو مستحکم بنانے کا کوئی موقع فراہم نہ کریں۔

حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بتایا جاتا ہے کہ حکمراں جماعت کے قائدین اور کارکنوں کو اس بات کی ہدایت ہے کہ وہ بی جے پی کو ریاست میں اپنی بنیادوں کو مستحکم بنانے کا کوئی موقع فراہم نہ کریں۔

انہوں نے پارٹی قائدین پر زور دیا ہے کہ وہ زعفرانی پارٹی کے خلاف تیز و تند مہم چلاتے ہوئے اس کی ناپاک سازشوں، خطرناک عزائم و حربوں کو اجاگر کریں جو فرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دیتے ہوئے ملک کے سیکولر تانے بانے کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے سی آر کے پیام کے بعد ٹی آر ایس کی یہ حکمت عملی کے مطابق ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے خلاف گھر گھر زبانی مہم چلاتے ہوئے زعفرانی پارٹی کے عزائم سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ اس دوران گھر گھر یا چھوٹے گروپوں کی شکل میں عوامی مہم چلائی جانی چاہئے۔

اس مہم کے دوران عوام کو یہ بتایا جائے کہ حکومت نے گزشتہ8برسوں کے دوران ریاست کو کس طرح ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور اس دوران فرقہ وارانہ سیاست پر بی جے پی کو زبردست تنقید کا نشانہ بنانا چاہئے۔

حکمراں جماعت کے قائدین اور کارکنوں کو مرکز کی بی جے پی حکومت کی ناکامیوں، اس کا فرقہ وارانہ ایجنڈا، عوامی شعبہ جات کی فروخت کرنے کے بارے میں عوام کو واقف کرایا جاناچا ہئے۔ اسی دوران چیف منسٹر اور پارٹی قائدین کی توجہ تلنگانہ کے ساتھ مرکز کی ناانصافیوں پر مرکوز رہے گی۔

مودی حکومت کی ناکامیوں اور اس کے تلنگانہ کی ترقی پر اثرات کے موضوع پر کتابچے شائع کرنے کا بھی کے سی آر منصوبہ رکھتے ہیں۔ تلنگانہ کو انصاف دلانے کیلئے مرکز کے ساتھ لڑائی کو اجاگر کرنے کیلئے وہ ڈیجیٹل میڈیا کا بھی استعمال کریں گے۔

کے سی آر، ہر اسمبلی حلقہ کے قائدین اور ایم ایل اے سے راست طور پر بات چیت کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ، بی جے پی کو نشانہ بنانے کی حکمت عملی کو روبعمل لایا جاسکے۔ حلقہ کے پارٹی قائدین اور ایم ایل اے کو بی جے پی کے جھوٹے پروپگنڈہ کا موثر جواب دینے کا بھی مشورہ دیں گے۔