تلنگانہ

سرکاری دواخانوں کی ترقی سے متعلق ہریش راؤ کا دعویٰ جھوٹا

صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے آج کانگریس قائدین کے ہمراہ اپولو ہاسپٹل جوبلی ہلز پہنچ کر ابراہیم پٹنم میں فیملی پلاننگ آپریشن کی متاثرہ خواتین جنہیں علاج کیلئے شریک کروایا گیا ہے کی عیادت کی۔

حیدرآباد: صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے آج کانگریس قائدین کے ہمراہ اپولو ہاسپٹل جوبلی ہلز پہنچ کر ابراہیم پٹنم میں فیملی پلاننگ آپریشن کی متاثرہ خواتین جنہیں علاج کیلئے شریک کروایا گیا ہے کی عیادت کی۔

بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ابراہیم پٹنم میں 34 خواتین کا ایک گھنٹہ میں فیملی پلاننگ آپریشن کیا گیا ان تمام خواتین کا تعلق غریب گھرانے سے ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ہریش راؤ کو وزارت صحت کا قلمدان سونپا ہے۔ ہریش راؤ نے دعویٰ کیا تھا کہ سرکاری ہاسپٹل میں کارپوریٹ طرز کا علاج ہوگا۔

اس کے باوجود یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ حیدرآباد سے زیادہ دور پیش نہیں آیا تاہم حکومت نے اس واقعہ کو نظر انداز کردیا اور حکومت کی غفلت سے یہ واقعہ پیش آیا۔ اپولو ہاسپٹل میں متاثرہ مریضوں کی اکثریت آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج ہے۔ ان کی دیکھ بھال کیلئے کوئی میڈیکل آفیسر ساتھ نہیں ہے۔

ان متاثرین کو دواخانہ منتقل کرنے کے بعد سب واپس چلے گئے۔ اگر ان متاثرین کو سرکاری ہاسپٹل میں اچھے علاج کی سہولت حاصل ہوتی تو آج انہیں یہاں خانگی ہاسپٹل میں کیوں لایا گیا؟ اس سے ظاہر ہے کہ سرکاری ہاسپٹل کی کارکردگی ناقص ہے۔

حکومت اس واقعہ کے حقائق کو چھپا رہی ہے۔ انہوں نے متوفی خواتین کے ورثا کو فی کس ایک کروڑ روپے ایکس گریشیا دینے، ان کے بچوں کی تعلیمی ذمہ داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا۔ چیف منسٹر کے دورہ بہار سے متعلق ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ پہلے اپنی ریاست میں جو لوگ مررہے ہیں ان کا خیال رکھیں۔ کانگریس ان خاندانوں کیلئے اسو قت تک جدوجہد کرے گی جب تک ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا جاتا۔