تلنگانہ

ملعون راجہ سنگھ کی حمایت میں سدی پیٹ ضلع میں بند

تاجروں نے آج صبح سے دکانیں بند رکھیں۔ بجرنگ دل اور وشوا ہندو پریشد کے کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ ایم ایل اے راجہ سنگھ کے خلاف درج مقدمات واپس لے کر اسے فوری رہا کیا جائے۔

حیدرآباد: محسن انسانیت حضوراکرمؐ کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والے تلنگانہ بی جے پی کے ملعون رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی حمایت میں ضلع سدی پیٹ میں بندمنایاگیا۔

وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل نے ایم ایل اے راجہ سنگھ کی گرفتاری کے خلاف بند کی اپیل کی تھی۔ اس موقع پر ایک موٹر سائیکل ریالی بھی نکالی گئی جس میں حکومت مخالف نعرہ بازی کی گئی۔

تاجروں نے آج صبح سے دکانیں بند رکھیں۔ بجرنگ دل اور وشوا ہندو پریشد کے کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ ایم ایل اے راجہ سنگھ کے خلاف درج مقدمات واپس لے کر اسے فوری رہا کیا جائے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ راجہ سنگھ کو جھوٹے مقدمات میں پھانسا گیا ہے اور اویسی برادران کے اشارے پر رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ کے خلاف تلنگانہ پولیس مسلسل کارروائیوں میں مصروف ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی کے معطل ایم ایل اے راجہ سنگھ کے خلاف پی ڈی ایکٹ لاگو کیا گیا ہے جس کے بعد اسے شہر کے مضافات میں واقع چرلہ پلی جیل منتقل کردیا گیا۔

پیغمبر اسلامؐ کے خلاف ریمارکس سے متعلق ایک کیس میں فوری ضمانت ملنے کے بعد شہر حیدرآباد میں جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے ہوئے جس کے نتیجہ میں حالات کشیدہ ہوگئے تھے۔

اس سے قبل راجہ سنگھ کو منگل کے دن پیغمبر اسلام کے خلاف تبصرے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم، اسی دن اسے مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا کیونکہ پولیس نے سپریم کورٹ کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق اس کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی تھی۔