تلنگانہ

کالیشورم پراجکٹ کے سی آر خاندان کیلئے اے ٹی ایم : امیت شاہ

حلقہ اسمبلی منگوڈ کے مجوزہ ضمنی الیکشن کے شیڈول کے اعلان سے قبل حلقہ میں منعقدہ آج عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کے سی آر خاندان کا اے ٹی ایم ہے۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے روز منگوڈ سے بی جے پی کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کرتے ہوئے حکمراں جماعت ٹی آر ایس اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ وکو تنقید کا نشانہ بنایا۔

حلقہ اسمبلی منگوڈ کے مجوزہ ضمنی الیکشن کے شیڈول کے اعلان سے قبل حلقہ میں منعقدہ آج عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کے سی آر خاندان کا اے ٹی ایم ہے۔

ٹی آر ایس پر انتخابی وعدوں سے انحراف کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مرکز نے تلنگانہ کو تاحال 12 لاکھ کروڑ روپئے کی امداد فراہم کی ہے اس کے باوجود فاضل بجٹ والی یہ ریاست قرض کے دلدل میں پھنس گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں سب سے زیادہ مہنگائی تلنگانہ میں ہے کیونکہ تلنگانہ میں پٹرول وڈیزل کی قیمت سب سے زیادہ ہے۔

فصل بیمہ کے بشمول مرکز کی کئی اسکیمات سے اہل افراد کو فائدہ نہیں ہورہا ہے۔ کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چندرشیکھرراؤ نے علیحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران یہ وعدہ کیا تھا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد ہرسال 17 ستمبر کو یوم نجات منائیں گے مگر تلنگانہ کے قیام کے باوجود مجلس کے خوف سے کے سی آر کا سرکاری سطح پر یوم نجات کا اہتمام نہیں کررہے ہیں جبکہ سردار پٹیل نے تلنگانہ (حیدرآباد اسٹیٹ) کو انڈین یونین میں ضم کیا تھا۔

دلت کو ریاست کا چیف منسٹر بنانے اور بے زمین غریب دلتوں میں فی کس 3 ایکر اراضی کی کی تقسیم اور بے گھر غریبوں کو ڈبل بیڈ روم امکنہ کی فراہمی کے وعدہ سے بھی کے سی آر مکر گئے۔ تلنگانہ کے قیام کے باوجود ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کو علیحدہ ریاست کے فوائد نہیں مل رہے ہیں۔

اقتدار کے مزے صرف کے سی آر اور ان کا خاندان لوٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ منگوڈ سے بی جے پی کی کامیابی سے ریاست میں ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز ہوگا۔ کے سی آر کے اقتدار کے صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں۔ شاہ نے کاکہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کو شکست ہوگی اور بی جے پی برسراقتدار آئے گی۔

انہوں نے حلقہ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پریواد کو ہراکر بی جے پی کو کامیاب بنائیں۔ مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہاکہ بی جے پی، تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی متبادل سیاسی جماعت ہے۔ بی جے پی کے سی آر کی خاندانی حکمرانی کا خاتمہ کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کے لکشمن نے کہاکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ چیف منسٹر کے سی آر کی گردن کو جھکانے کیلئے منگوڈ آئے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو جتائیں۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ڈی اروند، ارکان اسمبلی ای راجندر اور رگھونندن راؤ، سابق رکن اسمبلی ڈی کے ارونا، سابق ارکان پارلیمنٹ جتیندر ریڈی، کونڈا ویشویشور ریڈی، سابق ایم ایل سی سدھاکرریڈی کے علاوہ راجگوپال ریڈی نے خطاب کیا۔

قبل ازیں جلسہ میں کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے راجگوپال ریڈی اور دیگر قائدین کو زعفرانی کھنڈوا پہناکر پارٹی میں خیر مقدم کیا۔جلسہ میں صدرریاستی بی جے پی بنڈی سنجے، پارٹی انچارج ترون چگھ اور دیگر شریک تھے۔