تلنگانہ

’بی جے پی، ملک کیلئے انتہائی خطرناک، کشن ریڈی رٹا طوطا‘

ٹی آر ایس کے کارگزار صدر و ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے بی جے پی کو ملک کیلئے انتہائی خطرناک قرار دیا۔

حیدرآباد: ٹی آر ایس کے کارگزار صدر و ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے بی جے پی کو ملک کیلئے انتہائی خطرناک قرار دیا۔ آج حضور نگر میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عوام اور خاص کر نوجوانوں سے خواہش کی کہ وہ بی جے پی کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ بنیں۔

متعلقہ خبریں
ہر ووٹر کو حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کشن ریڈی کا مشورہ
بی آر ایس دور حکومت میں 600فون ٹیاپنگ معاملات کا انکشاف
کے سی آر کا خاندان پہلی بار انتخابات سے دور
بی آر ایس۔ بی ایس پی اتحاد پارٹیوں کی مرضی: کشن ریڈی
پہلی بار لوک سبھا الیکشن میں کے سی آر خاندان کا ایک فرد بھی نہیں

کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ فرقہ وارانہ منافرت پھیلانا بی جے پی کی عادت ہے۔ بی جے پی کو پرامن سماج قطعی پسند نہیں ہے۔ عوام کی خوشحالی اور ترقی بی جے پی کو ہضم نہیں ہوتی ہے۔ اس لئے زعفرانی جماعت کے قائدین مبینہ طور پر مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان لڑائی جھگڑے پیدا کرنے کی فکر میں رہتے ہیں۔

کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ گذشتہ 8 سالوں کے دوران بی جے پی نے ملک کے عام عوام کیلئے کچھ بھی خاص نہیں کیا جو بھی اقدامات کئے گئے کارپوریٹ اداروں کے مفادات کو نظر میں رکھتے ہوئے کئے گئے۔ مرکزی حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے عوام کی معیشت انحطاط کی نذر ہوگئی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ملک کو مقروض بنادیا۔

ملک کا وقار داؤ پر لگا ہوا ہے۔ دوسری طرف ریاست سے مرکزی کابینہ میں نااہل افراد کو نمائندگی دی گئی ہے۔ جی کشن ریڈی رٹے طوطے کا کردار ادا کررہے ہیں۔ بغیر سوچے سمجھے بیانات دینے کو انہوں نے عادت بنالی ہے۔ ان کا کہا جانے والا ہر جملہ جھوٹ کے سواء کچھ نہیں ہوتا۔ بطور مرکزی وزیر وہ ریاست کیلئے ایک نیا پیسہ بھی حاصل نہیں کرسکے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ملک کیلئے، تلنگانہ میں روبہ عمل اقدامات کی ضرورت ہے۔

جس طرح دامرچرلہ میں 30,000کروڑ کے مصارف سے الٹرا ماڈرن میگا پاور پلانٹ تعمیر کرتے ہوئے برقی تیاری میں تلنگانہ کو خود مکتفی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اسی طریقہ سے ملک کی دوسری ریاستوں میں بھی پاور پلانٹس تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ کے پلے اورپٹنا پرگتی پروگرامس کو ملک بھر میں اختیار کرنا چاہئے۔ اسی لئے ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کیا گیاہے۔

کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ مرکز کے عدم تعاون کے باوجود تلنگانہ کی ترقی قابل رشک ہے۔ یہ بات بی جے پی قائدین کو ہضم نہیں ہورہی ہے۔ تلنگانہ میں پرامن حالات کو بگاڑنے، فرقہ وارانہ منافرت کوپھیلا نے کی کوشش جاری ہے جس کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قبل ازیں ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق وشہری ترقیات کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت، ریاست کو صحت مند اور سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کی پابند ہے۔

حضور نگر میں آج نئے تعمیر کردہ ای ایس آئی ہاسپٹل کا افتتاح انجام دینے کے بعد کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت ہر شہری کی صحت کی بہترین نگہداشت کیلئے ضروری اقدامات کررہی ہے۔ ہر شہر میں ملٹی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل تعمیر کیا جارہا ہے۔ڈاکٹرس کی کمی کو دور کرنے کیلئے ریاست کے تمام اضلاع میں میڈیکل کالجس قائم کئے جارہے ہیں۔

ہر چھوٹے گاؤں میں پرائمری ہیلتھ سنٹرقائم کرتے ہوئے ڈاکٹرس اور نیم طبی عملہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ بعدازاں کے ٹی راما راؤ نے حضور نگر ٹاؤن میں مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ این اتم کمار ریڈی اور ٹی آر ایس قائدین و عہدیدارموجود تھے۔