تلنگانہ

بی جے پی کو ایک اور دھکہ، سابق ایم پی بھاسکر مستعفی

زعفرانی پارٹی کے قائد وسابق رکن راجیہ سبھا راپولہ آنند بھاسکر نے بی جے پی سے استعفیٰ دیتے ہوئے حکمراں جماعت ٹی آرایس سے سیاسی طورپر وابستہ ہوجانے کافیصلہ کیاہے۔

حیدرآباد: حلقہ اسمبلی منگوڈکے ضمنی انتخاب سے قبل بی جے پی کوآج ایک اورجھٹکہ لگا۔زعفرانی پارٹی کے قائد وسابق رکن راجیہ سبھا راپولہ آنند بھاسکر نے بی جے پی سے استعفیٰ دیتے ہوئے حکمراں جماعت ٹی آرایس سے سیاسی طورپر وابستہ ہوجانے کافیصلہ کیاہے۔

بتایا جاتاہے کہ اندرون 2یا 3دنوں وہ ٹی آرایس میں شامل ہوں گے۔ آنند بھاسکر نے اتوار کے روز پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ سے ملاقات کی اورانہیں بتایا کہ وہ بی جے پی سے مستعفی ہونے اور ٹی آرایس میں شامل ہونے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

آر بھاسکرآنند2012سے2018 تک راجیہ سبھا کے رکن تھے تب وہ کانگریس میں تھے۔ بھاسکر بافندوں کے بااثر ایک قائد اور سینئر جرنلسٹ ہیں۔

مرکز میں برسراقتدار بی جے پی کی غلط پالیسیوں کے خلاف بطور احتجاج انہوں نے زعفرانی پارٹی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔بھاسکر‘ بی جے پی کے چوتھے قائدہیں جنہوں نے بی جے پی سے ناطہ توڑلیاہے۔

انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل پراڈکٹس پرمرکز کی جانب سے جی ایس ٹی نافذکرنے پر وہ شدید ناراض ہیں۔ جبکہ چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ بافندوں کی ہمہ جہت ترقی اور ان کی بہبود کے لئے مثبت اقدامات کررہے ہیں۔