تلنگانہ

بی جے پی کی قومی مجلس عاملہ کا اجلاس ”فلاپ شو“: جگاریڈی

کانگریس رکن اسمبلی وکارگزار صدر ٹی پی سی سی جے پرکاش ریڈی عرف جگاریڈی نے کہاہے کہ حیدرآباد میں منعقدہ بی جے پی کا قومی اراکین عاملہ کااجلاس ناکام ہوگیا ہے۔

حیدرآباد: کانگریس رکن اسمبلی وکارگزار صدر ٹی پی سی سی جے پرکاش ریڈی عرف جگاریڈی نے کہاہے کہ حیدرآباد میں منعقدہ بی جے پی کا قومی اراکین عاملہ کااجلاس ناکام ہوگیا ہے۔

قومی عاملہ کایہ اجلاس شادی کی ایک تقریب سے زیادہ کچھ نہیں تھا۔ تلنگانہ عوام نے وزیر اعظم نریندرمودی سے کئی امیدیں وابستہ کی تھیں کہ وہ تلنگانہ کی ترقی اورعوام کی فلاح وبہبود کے لئے کچھ نہ کچھ اعلان کریں گے یاپھر شہریوں کے بینک اکاؤنٹ میں فی کس 15 لاکھ روپے یا سالانہ 2کروڑ نوجوانوں کو روزگاردینے سے متعلق اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے کوئی اعلان کریں گے لیکن افسوس کہ وزیراعظم نریندر مودی بغیر کچھ کہے واپس ہوگئے۔

بی جے پی کے اس قومی اجلاس سے تلنگانہ کوکوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اجلاس کے دوسرے روز سکندرآباد میں منعقدہ جلسہ عام بھی ناکام رہا جس میں بی جے پی قائدین نے 15لاکھ عوام کی شرکت کا دعوی کیا تھاتاہم ایک لاکھ سے کچھ بڑھ کر لوگ نہیں تھے۔ ایسا محسوس ہوتاہے کہ مودی کا ڈبل انجن ٹھیک سے کام نہیں کررہاہے۔جگاریڈی آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے اورمرکزی وزیر جی کشن ریڈی سے سوال کیا کہ انہوں نے اے پی کی تقسیم ریاست بل میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کو روبہ عمل لانے سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی سے کامیاب نمائندگی کیوں نہیں کی؟ جگاریڈی نے بنڈی سنجے سے کہاکہ وہ جہاں بھی یہ یاتراکریں گے وہاں پہنچ کر ان سے تلنگانہ کے زیرالتواء پراجکٹس کونظرانداز کرنے سے متعلق سوال کریں گے؟

ٹی آر ایس حکومت کوشدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کے سی آر خاندان تلنگانہ میں ریت مافیاکی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی کے فرزند کریم نگر میں مبینہ طورپر ریت مافیا چلارہے ہیں۔انہوں نے کانگریس کارکنوں کومشورہ دیا کہ وہ متحدہ طورپر پارٹی کومستحکم بنانے کے لئے کام کریں۔

ان سے متعلق کوئی غلط فہمی میں مبتلانہ ہوں۔ وہ راہول گاندھی اور کانگریس کے وفادار ہیں۔کانگریس چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے اورآخری سانس تک کانگریس میں ہی برقراررہیں گے۔آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گی۔